انوارالعلوم (جلد 7) — Page 486
۴۸۶ تک برابر ترقی کرتی چلی جا رہی ہے حتیٰ کہ خود آپ کی مملکت (افغانستان )میں بھی باوجود اس کے کہ اس سلسلے کے دو مخلص آدمی صرف مذہبی اختلاف کی بنا پر ملانوں کی دھوکا دہی کی وجہ سے قتل کئے گئے تھے یہ جماعت ترقی کر رہی ہے اور قریباً ہر صوبہ میں اس جماعت کے کچھ نہ کچھ آدمی پائے جاتے ہیں اور علاوہ ازیں اس جماعت کے لوگ عرب میں بھی ہیں، ایران میں بھی ہیں ،روس میں بھی ہیں ،امریکہ میں بھی ہیں، مغربی' شمالی اور جنوبی علاقہ جات میں بھی ہیں' آسٹریلیا میں بھی ہیں اور یورپ میں بھی ہیں ایک محکوم قوم کے ایک فرد کی اطاعت میں حاکم قوم کے افراد کا آجانا اور پھر اس دین کو مان کر جس کے خلاف نسلاً ان کے دلوں میں تعصب بٹھایا گیا تھا بلا نصرت الٰہی کے نہیں ہو سکتا- آپ لوگوں نے قتل بھی کرنا چاہا- زہر سے بھی مارنا چاہا- عدالتوں میں بھی آپ کو گھسیٹا اور جھوٹے مقدمات بھی آپ پر قائم کئے اور عیسائی اور ہندو اور مسلمان سب آپس میں مل گئے تا پہلے مسیح کی طرح دوسرے مسیح کو بھی صلیب پر لٹکا دیں' لیکن ہر دفعہ آپ کامیاب ہوئے اور ہر حملہ سے آپ محفوظ رہے روز بروز خدا تعالیٰ کی تائید ونصرت بڑھتی گئی- آپ اشاعت اسلام اور تجدید اسلام کے لیے مبعوث ہوئے تھے- ان دونوں کاموں کے لیے اللہ تعالیٰ نے آپ کو مخلصوں کی ایک جماعت دی' مال بھی دیا- حتیٰ کہ اس وقت چار پانچ لاکھ روپیہ سلسلہ کی طرف سے سالانہ دینی کاموں پر صرف ہوتا ہے کئی اخبارات اشاعت اسلام کے لیے پنجاب بنگال سیلون ماریشس اور امریکہ سے جا رہی ہیں اور سینکڑوں کتابیں آپ کی تائید میں لکھی گئی ہیں- لوگوں کے دلوں کو اللہ تعالیٰٰ آپ کی مدد کے لیے کھولتا ہے اور ہزاروں ہیں جن کو رویا کے ذریعہ سے یا الہام کے ذریعے سے یا کشف کے ذریعے سے آپ کی سچائی بتائی گئی ہے اور باوجود مخالف ہونے کے ان کے دلوں میں آپ کی محبت ڈالی گئی ہے- غرض باوجود ہر طرح کے مخالف سامان ہونے کے اور ہر طرح کی مخالفت کے اور ہر طرح کی کمزوری کے اور غیر معمولی کام کے آپ اپنے مقصد میں کامیاب ہوئے اور ایک ایسی جماعت جو ساری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے اور اپنے سینوں میں اسلام کی اشاعت کی آگ رکھتی ہے آپ نے تیار کر دی اور کیا بلحاظ عزت کے اور کیا بلحاظ مال کے اور کیا بلحاظ اقتدار کے اور کیا بلحاظ رعب کے آپ کی اللہ تعالیٰ مدد کرتا رہا ہے- پس اگر اللہ تعالیٰ کا بتایا ہوا یہ قانون سچا ہے اور اللہ تعالیٰ سے زیادہ اور کون سچا ہو سکتا ہے؟ کہ