انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 558 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 558

کے اعمال کے بھی آپ ذمہ دار ہیں۔پس دیانت اور تقویٰ چاہتا ہے کہ آپ بہت سوچ سمجھ کر قدم اُٹھائیں اور ہار جیت کے خیال کو دل سے بالکل نکال دیں۔مَیں آپ سے سچ سچ کہتا ہوں اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت میں قسم کھا کر کہتا ہوں کہ مَیں حضرت مرزا صاحبؑ کے دعوٰے کو یقین کے ساتھ صحیح سمجھتا ہوں اور قرآن کریم کے بتائے ہوئے معیاروں کے مطابق اسے درست پاتا ہوں اور مَیں نے اس کی صداقت کے نشان اپنے اندر بھی پائے ہیں اوراپنے اردگرد بھی مشاہدہ کئے ہیں۔مَیں نے آپ پر ایمان لاکراللہ تعالیٰ کی زبردست قدرتوں کا مشاہدہ کیا ہےاور میں آپ پر علی وجہ البصیرت ایمان لایا ہوں نہ صرف دلائل عقلیہ سے بلکہ مشاہدات یقینیہ کی بناء پر اور میں آپ لوگوں سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ لوگ بھی اپنے نفسوںمیں اللہ تعالیٰ کے نشانات کو اسی طرح دیکھتے ہیں اور اس کی نصرت کو اسی طرح پاتے ہیں۔اگر یہ بات نہیں اور آپ لوگ اپنے اور خدا تعالیٰ کے درمیان ایک دیوار حائل دیکھتے ہیں اور اس کی تائید اور نصرت کو اپنی ذات کے لئے مشاہدہ نہیں کرتے تو پھر سمجھ لیں کہ آپ کا انجام خطرہ میں ہے آپ خود بھی ایسی زمین پر چل رہے ہیں جس کا حال آپ کو معلوم نہیں اوران لوگوں کو بھی اپنےساتھ لے جارہے ہیں جو آپ پر اعتبار کرکے اندھا دھند آپ کے پیچھے چلے جارہے ہیں۔آخر میں اللہ تعالیٰ سے دُعا کرتا ہوں کہ وہ آپ لوگوں کو ہدایت دے اور وقت کے امام کی شناخت کی توفیق عنایت فرمائے اور آپ کے دلوں میں خشیت پیدا کرے اور دین کو کھیل اور تماشہ بنانے سے آپ کو بچائے اور اپنے بندوں پر رحم کرکے اسلام کے لئے ان کے دل کھول دے۔اَللّٰھُمَّ اٰمِیْن خاکسار مرزا محمود احمد (خلیفۃ المسیح الثانی) ۲۵؍ مارچ ۱۹۲۲؁ء