انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 523 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 523

ہوئے کہ ان کی حالت کو دیکھ کر رونا آتا تھا اور کس طرح تمام ممالک پر اس کااثر پڑا ؟ اور مسافروں کے لئے یہ جنگ کیسی خطرناک ثابت ہوئی کہ ہزاروں بِلا قصور اوربِلا گناہ دشمنوں کے ملک میں روکے گئے اور ان کے رشتہ دار ان کی یاد میں تڑپتے رہے۔کس طرح دریا واقعی طور رپ مردوں کے خون سے رنگے گئے؟ اورجو ان اس کے صدمہ سے بوڑھے اور عقلمند پاگل ہوگئے اور ہزاروں آدمی جو اچھے بھلے تھے اپنی عقل کو کھو بیٹھے اور اس طرح زمین تہ و بالا کی گئی کہ اب تک اس کی درستی اور آبادی کا پورا انتظام نہیں ہوسکا گو اربوں روپیہ خرچ کیا جاچکا ہے۔اور کس طرح بیسیوں جگہیں اسی طرح دُنیا سے مٹ گئیں جس طرح اللہ تعالیٰ کی یاد اور اس کی عبادت یورپ کے علاقوں سے مٹ گئی ہے اورپھر عربوں نے جنگ میں شامل ہوکر اپنی قومی زندگی کو کسی طرح قائم کیا اور اس کے حصول کے لئے ایک سیل کی طرح اپنے مخالفوں کے مقابلہ میں چل کھڑے ہوئے اور یہ سب کچھ پیشگوئی کے شائع ہونے کے بعد جو کہ ۱۹۰۵؁ء میں شائع کی گئی تھی مطابق پیش گوئی سولہ سال کے اندر ہوا اورپھر اے شہزادہ! کس طرح اللہ تعالیٰ نے عین مایوسی اور ناامیدی کےوقت مسیح موعودؑ کی دُعا کو سن کر برطانیہ کی فتح کا سامان پیدا کردیا۔اور زارِ روس کے متعلق جو کچھ کہا گیا تھا وہ کس طرح حرف بحرف پورا ہوا ہم نے اس حصہ کو سب سے آخر میں اس لئے لیا ہے کہ یہ سب سے زیادہ توجہ کا مستحق ہے۔پیشگوئی میں اس حصہ کے متعلق کئی باتیں بیان کی گئی تھی۔ایک تو یہ کہ اس جنگ کے شروع ہونے تک زار کی حکومت کو اندرونی اصلاحات کے مدعی کچھ نقصان نہیں پہنچا سکیں گے۔دوم یہ کہ اس جنگ کے بعد تک اس کی حکومت قائم نہیں رہ سکتی کیونکہ اسی جنگ میں اس کی حالت کے زار ہوجانے کی خبر دی گئی ہے۔پھر یہ کہ اس سے حکومت چھین لی جائے گی اور یہ نہ ہوگا کہ وہ بادشاہت کی ہی حالت میں مارا جائے۔اور پھر یہ کہ اس کے بعد زاروں کا خاتمہ ہوجائے گا کیونکہ کہا گیا تھا کہ زار کی حالت خطرناک ہوگی نہ یہ کہ کسی خاص بادشاہ کی۔اورپھر یہ بتایا گیا تھا کہ وہ آسانی سے مر بھی نہیں سکے گا بلکہ سخت تکالیف اور رسوائیاں اور ناکامیاں اور نامرادیاں دیکھے گا۔اور اے شہزادہ زی شان! کس طرح یہ باتیں لفظ بلفظ پوری ہوئیں اور زارِ روس کی حالت