انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 29 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 29

اگر حضرت مرزا صاحب جُھوٹے ہیں تو اسلام کی صداقت کی کوئی دلیل نہیں! اگر حضرت مرزا صاحبؑ جُھوٹے ہیں تو مسلمانوں کے پاس اسلام کی صداقت کی کوئی دلیل نہیں۔لوگ ان کو دجّال اورجھُوٹا وغیرہ ناموں سے یاد کرتے ہیں مگر وہ نہیں خیال کرتے کہ اگر آپ اسلام کے دشمن ہوتے تو آپ اسلام کی تائید میں سینہ سپر کیوں ہوتے اور اسلام کے دشمنوں سے جنگ کیوں کرتے۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر اعتراض کیا گیا کہ یہ شیطان کی پرستش کرتے ہیں انہوں نے فرمایا کہ میں تو شیطان کے خلاف وعظ کہتا ہوں کیا شیطان پرست بھی شیطان کے خلاف وعظ کہہ سکتا ہے پس اسی طرح جو لوگ حضرت مرزا صاحبؑ کو اسلام کا دشمن کہتے ہیں وہ اتنا تو سوچیں کہ کیا کوئی دشمن کی خدمت کے لئے اتنی کوشش کیا کرتا ہے۔حضرت مرزا صاحب سے خدا کا وعدہ پس حضرت مرزا صاحب کے معاملہ میں لوگوں کو غور اور فکر سے کام لینا چاہئے اور سوچنا چاہئے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔حضرت مرزا صاحب کو خدا تعالیٰ نے وعدہ دیا ہے کہ آپ کےذریعہ اسلام کے انوار اب دوبارہ دُنیا میں پھیلیں گے۔ایک وقت میں آپ اکیلے تھے۔مگر آج کئی لاکھ کی جماعت آپ کے کام کو دُنیا میں جاری کرنے کے لئے سر توڑ کوشش کررہی ہے۔اور وہ دن قریب ہیں جو دُنیا میں آپ ہی کی جماعت نظر آئے گی۔لوگ مخالفت کرتے رہیں آپ کو جسقدر بُرے ناموں سے یاد کرسکتے ہیں کریںمگر ان کی تام مخالفتیں بے اثر ہونگی اور خدا حضرت مرزا صاحب کو تمام دُنیا میں عزت اور غلبہ دیگا۔خدا نے حضرت مرزا صاحب کو فرمایا کہ دُنیا میں ایک نبی آیا پر دُنیا نے اس کو قبول نہ کیا۔لیکن خدا اسے قبول کرے گا اوربڑے زور آور حملوں سے اس کی سچاّئی ظاہر کردیگا۔لوگ تو شب و روز آپ کو جھوٹا کہنے میں مصروف ہیں۔مگر خدا اپنے زور آور حملوں سے آپ کی سچائی دُنیا کے کناروں تک پھیلا رہا ہے۔پس آج مسلمانوں کے پاس اسلام کی صداقت کااگر ثبوت ہے تو حضرت مرزا صاحب کا وجود ہے کیونکہ آپ بھی ادنیٰ حالت سے خدا کے وعدے کے مطابق بلند کئے جارہے ہیں۔اگر لوگ آپ کو ماننے کے لئے تیار نہیں تو ان کے پاس اسلام کی صداقت کا بھی کوئی ثبوت نہیں۔وہ یا تو آپ کو قبول کریں یا اگر آپ کو چھوڑتے ہیں تو ان کو اسلام بھی چھوڑنا پڑیگا۔کیونکہ صداقتِ اسلام کی جو دلیل تھی وہ ان کے پاس نہیں بلکہ حضرت مرزا صاحب کےذریعے نظر آرہی ہے۔*تذکرہ ص۱۰۴ایڈیشن چہارم