انوارالعلوم (جلد 6) — Page 28
گالیاں دیتے ہیں اور لکھو کھہا انسان عیسائی ہوچکے ہیں۔مگر خدا تعالیٰ کو کوئی حمایت اسلام کا خیال نہ پیدا ہوا۔مسلمانوں کا ایک یہ خیال کہ حضرت عیسیٰ زندہ ہیں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فوت ہوگئے یہی ایک ایسا خیال ہے جو اسلام کو عیسائیت کے مقابلہ میں ٹھہرنے نہیں دے سکتا اور کوئی مسلمان واعظ عیسائیوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔جب وہ یہ کہتے ہیں کہ ہمارا عیسیٰؑ زندہ ہے اور محمّد فوت ہوگئے اس وقت مسلمانوں کی زبانیں بند ہوجاتی ہیں۔مگر حضرت مرزا صاحبؑنے ایسے وقت میں اسلام کی یہ خدمت کی اوراپنے شاگردوں کو ایسا تیار کیا کہ ان کے آگے سے پادری اس طرح بھاگتے ہیں جس طرح لاحول سے شیطان۔عیسائیوں کے مقابلہ میں ہمارا یک لڑکا چلا جائے تو پادری گھبرا کر وہاں سے چلے جاتے ہیں۔احمدیت کا اثر میں نے ایک دوست کو عربی کی تکمیل تعلیم کے لئے مصر بھیجا تھا۔وہاں ایک مسلمان قریب تھا کہ عیسائی ہوجائے۔وہ ان کو ملا اُنہوں نے اس کو وفاتِ مسیح کا مسئلہ سمجھایا۔پھر وہ پادری کے پاس گیا اور گفتگو کی۔وہ پادری بے اختیار بول اُٹھا اَنْتَ مِنَ الْقَادِیَانَ اورگفتگو کرنے سے انکار کردیا۔دیکھو یا تو وہ وقت تھا کہ یورپ امریکہ سے لوگ ہمارے ملک میں عیسائی بنانے کے لئے آتے تھے یا اب ہمارے مبلّغ ان ممالک میں اسلام کی تبلیغ کررہے ہیں۔پس حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دنیا کا نقشہ ہی بدل دیا کہ یا تو مسلمانوں کو پادریوں کے آگے چھپنے کے لئے جگہ نہ ملتی تھی۔یا اب پادریوں کے لئے چھپنے کی جگہ نہیں یہاں تلوار نہیں طاقت نہیں ،محض خدا کی تائید ہے جو اپنا کام کررہی ہے۔اب یورپ میں اس قسم کے لوگ پیدا ہوگئے ہیں۔جو لکھتے ہیں کہ ہم نہیں سوتے جب تک کہ حضرت مرزا صاحبؑ پر درود نہ بھیج لیں اور سینکڑوں انسان عیسائیت سے نکل کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا کلمہ پڑھنے لگ گئے ہیں۔حضرت مرزا صاحبؑ نے پیشگوئی فرمائی ہے کہ اب اسلام کی ترقی آپ کے ذریعہ دُنیا میں ہوگی اور باقی مذاہب آہستہ آہستہ مٹاکر اسلام ہی قائم کیاجائے گا۔اب ہم اس کے آثار دیکھ رہے ہیں۔مَیں نے حج کے دنوں میں (بحالت رؤیا)آسمان پر ستاروں سے لکھا ہوا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ مُحَـمَّدٌ رَسُوْلُ اللہِ دیکھا تھا۔تب مَیں نے اسی حالت میں اپنے نانا صاحب کو کہ وہ بھی میرے ہمراہ حج میں تھے کہا کہ وہ دیکھو اورپھر کہا آنے والے آئیں گے۔پس یہ خدا کے وعدے پورے ہو رہے ہیں۔