انوارالعلوم (جلد 6) — Page 512
اور آپ کی دعا سے اور توجہ سے وہ ہٹ جاتے۔بہت سے معجزات آپ کے اس رنگ میں ظاہر ہوتے تھے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے لئے آپؑ کے دشمنوں اور مخالفوں کو رؤیا اور الہام کےذریعے سےا ٓپ کی صداقت بتا کر آپ کے سلسلہ میں داخل ہونے کی توفیق دے دیتا تھا۔یا اگر وہ نہ مانتے تو ان کے منہ کی بات سے ان پر حجت قائم ہوجاتی۔بہت سے معجزات آپ کے اس رنگ میں ظاہر ہوتے کہ آپ کی مخالفت کرنے والے جس رنگ میں آپ کو ذلیل کرنا چاہتے اسی رنگ میں خود ذلیل ہوجاتے اور بہت سے ناگہانی موتوں کا شکار ہوتے۔جن میں انسان کا دخل نہ ہوتا بلکہ بیماریاں وغیرہ اس کا باعث ہوتیں تا امر مشتبہ نہ ہوجائے۔بہت سے معجزات بظاہر نظر آنے والے قانون قدرت کی تبدیلی کے رنگ میں ظاہر ہوتے تھے۔بہت سے معجزات آئندہ کی خبروں پر اطلاع پانے کے رنگ میں ظاہر ہوتے تھے آپ کو قبل از وقت اطلاع مل جاتی اور اسی طرح ہوتا۔بہت سے معجزات حفاظت کے رنگ میں تھے یعنی اللہ تعالیٰ باوجود مخالف حالات کے آپ کو اور آپ کے دوستوں کو بہت سے صدموں سے محفوظ رکھتا تھا۔غرض کئی اقسام کے آپ کے معجزات ہیں اور قریباً ہر ایک قسم کے معجزات کی ہزاروں مثالیں ہیں۔اگر ان کو لکھا جائے تو دفتروں کے دفتر لکھنے پر بھی وہ ختم نہ ہوں مگر ان میں سے مثال کے طور پر چند لکھے جاتے ہیں تا بطور دلیل کے آپ کی صداقت پر گواہ ہوں۔۱- علمی معجزہ اَے شہزادہ عالی وقار ! یہ زمانہ علمی ہے اور اس وجہ سے ہم آپؑ کے علمی معجزات کو ہی پہلے بیان کرتے ہیں۔آپ پڑھ چکے ہیں کہ آپ کی تعلیم معمولی تھی۔ا ٓپ کسی مدرسہ میں نہیں پڑھے نہ کسی مشہور عالم سے آپ نے تعلیم پائی آپ کے والد نے معمولی مدّرس ملازم رکھ دئیے تھے جن سے آپ نے ابتدائی درسی کتب کی تعلیم حاصل کی مگر باوجود اس کے جب آپ نے دعویٰ کی اور آپ کے دشمنوں نے آپ پر اعتراض کیا کہ آپ ؑتو جاہل ہیں آپ اس مقام عالی پر