انوارالعلوم (جلد 2)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 469 of 650

انوارالعلوم (جلد 2) — Page 469

۴۶۹ کرلو۔پھر حضرت مسیح موعود کی نبوت کے متعلق جھگڑے کا بھی خود بخود فیصلہ ہو جائے گا۔اور اس خیال میں نہ رہو کہ قرآن کریم نے نبی کی کوئی تعریف کی ہی نہیں۔کیونکہ یہ ایک غلط خیال ہے۔ایمانیات سے وہ کونسی بات ہے جس کے ماننے کا قرآن کریم نے حکم دیا ہو۔اور یہ نہ بتایا ہو کہ وہ ہے کیا۔اللہ تعالی ٰپر ایمان لانے کا حکم ہمیں دیا گیا ہے تو ہمیں بالتفصیل اللہ تعالی ٰکی ذات و صفات کا علم بھی دیا گیا ہے۔اور قرآن کریم شروع سے لے کر آخر تک اس کی ذات اور اس کی صفات کا نقشہ ہمارے سامنے کھینچتا ہے اور ہمیں بتاتا ہے کہ خدا تعالیٰ کسے کہتے ہیں تانہ ہو کہ ہم مختلف جھوٹے معبودوں کے پھندے میں پھنس جائیں۔اور حقیقی معبود کو ترک کردیں۔ملائکہ پر ایمان لانے کا حکم ہے۔اور قرآن کریم نے ایک بے معنی لفظ پر ایمان لانے کا حکم نہیں دیا۔بلکہ مفصل بتایا ہے کہ ملائکہ کون ہیں۔ان کے کیا کام ہیں بندوں سے ان کا کیا تعلق ہے ان کے وجود کا کیا ثبوت ہے پھراسی طرح کتب پر ایمان لانے کا حکم ہے۔بتایا گیا ہے کہ الہٰی احکام اور اس کے شرائع کا نام کتاب ہوتا ہے۔کتابوں پر کس طرح عمل کرنا چاہئے۔ان کےسمجھنے کے آسان طریق کیا ہیں۔ان کے معانی کرنے میں کن کن احتیاطوں کی ضرورت ہے ان کا کسی حد تک ادب و پاس ہونا چاہئے۔ان کے الفاظ و معانی کی کس کس طرح حفاظت کرنی چاہئے۔کتابوں کے اترنے کی غرض کیا ہے۔پھر یوم آخر پر ایمان لانے کا حکم ہے اور اس کی بھی پوری کیفیت بیان کی گئی ہے۔قیامت کیا ہوگی- وہاں انسان کے ساتھ کس کس طرح کا بر تاؤ ہو گا۔جنت و دوزخ کی کیفیت ان دونوں مقاموں کے مکینوں کے حالات بعث ما بعد الموت کے ثبوت اور دلائل سب بیان کئے گئے ہیں۔غرض جس بات پر ایمان لانے کا ذکر ہے ہمیں اس کے نشان بھی بتائے گئے ہیں کہ وہ کیا ہے اور اس کے متعلق جس قدر ضروری امور ہیں۔سب پر روشنی ڈالی گئی ہے لیکن کیا یہ ممکن ہے کہ خدا تعالیٰ جو وراء الورا ہے۔اور ملا ئکہ جو ہماری نظروں سے پوشیدہ ہیں اور قیامت جو مرنے کے بعد کی بات ہے اس کا حال تو ہمیں بتایا جائے۔اور دوزخ و جنت جن سے حشر کے بعد معاملہ پڑنے والا ہے اس کی کیفیت بھی انسان پر روشن کی جائے۔لیکن اگر نہ بتایا جائے تو یہ کہ نبی جوانسان اور خدا تعالیٰ کے درمیان ایک واسطہ کا کام دیتا ہے اور جس پر ایمان لانے یا نہ لانے پر ہی انسان کی نجات و عذاب کا دارومدار ہے۔وہ کیا شئے ہے اورنبی کسے کہتے ہیں؟ میرے مخاطب اس وقتغیر احمدی نہیں جو دلیل و برہان کی ضرورت ہی نہیں سمجھتے۔اور ہر چیز کو اند هادھند ماننے کے عادی ہیں جو اسلام کو اس لئے مانتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کے گھر میں پیدا ::