انوارالعلوم (جلد 2) — Page 405
۴۰۵ میں کہلا سکتے۔سو یاد رہے کہ ہر ایک چیز کی کچھ شرائط ہوتی ہیں اور کچھ خصائص ہوتی ہیں۔خصائص بعض شاملہ ہوتی ہیں اور بعض غیر شاملہ۔جب تک شرائط نہ پائی جائیں اس چیز کا وجود پایا جانا ناممکن ہوتا ہے مثلاً ایک انسان کے لئے یہ شرط ہے کہ وہ حیوان ناطق ہو اگر کوئی شئے حیوان ناطق نہیں تو وہ انسان نہیں کہلا سکتی۔اسی طرح نبی کے لئے بھی بعض شرائط ہیں اگر وہ شرائط کسی انسان میں پورے طور پر نہ پائی جائیں تو انسان نبی نہیں کہلا سکتا اور وہ شرائط میں پہلے بتا آیا ہوں یعنی (1) وه کثرت سے امور غیبیہ پر اطلاع پائے۔(۲) وہ امور مہمّہ کے متعلق جو انذار و تبشیر کے متعلق ہوں خبردے۔(۳)اس کا نام خدا تعالیٰ نبی رکھے۔اور ان کے علاوہ اور کوئی شرط نہیں جو شرائط میں سے کہی جائے بلکہ اورخاصے ہیں یعنی ایسی باتیں ہیں جنہیں شرائط نہیں کہا جاسکتا۔اور وہ نفس نبوت سے متعلق نہیں ہیں بلکہ بعض خاصہ غیر شاملہ ہیں اور ضروری نہیں کہ ہر نبی میں پائے جائیں۔مثلاً یہ کہ شریعت لانا ایک خصوصیت ہے جو بعض نبیوں کو حاصل ہے سب کو نہیں۔پس اسے نبوت کی شرائط میں سے نہیں قرار دے سکتے کیونکہ اس طرح بہت سے نبیوں کو نبوت سے معزول کرناپڑے گا یہ ایک خصوصیت ہے جو بعض نبیوں کو حاصل تھی اسی طرح بعض اور ایسی خصوصیات ہوتی ہیں جو بعض حالات کی مجبوری کی وجہ سے پیدا ہو جاتی ہیں ورنہ وہ اصل میں کوئی شے نہیں ہوتیں اور ان کو شرائط میں نہیں داخل کر سکتے مثلاً آنحضرت ﷺسے پہلے نہ تو دنیا اس امر کے لئے تیار تھی کہ ایک نبی سب دنیا کے لئے آئے اور نہ کوئی انسان اس درجہ کو پہنچا تھا کہ اسے سب دنیا کی طرف نبی کر کے بھیج دیا جائے۔پس ان دونوں حالات کے ماتحت آپ سے پہلے جس قدر انبیاء آئےوہ سب ایک خاص ملک اور خاص قوم کی طرف مبعوث ہو کر آئے۔اب کوئی شخص اس بات کو دیکھ کر رسول اللہ ﷺ کی نبوت پر اعتراض نہیں کر سکتا کہ دیکھو سب نبی آپ سے پہلے ایک خاص قوم کی طرف آئے تھے۔اس لئے نبی وہی ہو سکتا ہے جو ایک خاص قوم کی طرف آئے۔ایسانبی ہوہی نہیں سکتا جو سب دنیا کی طرف آئے کیونکہ پہلے ایسا کوئی نبی نہیں گزرا۔اور اگر کوئی شخص ایسا اعتراض کرے تو اسے احمق قرار دیا جائے گا کہ اس نے اتنا غور نہیں کیا کہ ثبوت کے ساتھ اس بات کا کیا تعلق ہے کہ سب دنیا کی طرف آئے یا ایک قوم کی طرف جیسے جیسے حالات تھے ان کے ماتحت انبیاء آتے رہے۔جب ایک قوم کی طرف نبی آنا ضروری تھا تو ایک قوم کی طرف نبی آیا اور جب سب دنیا کی طرف ضروری تھا تو سب دنیا کی طرف آیا پہلے نبیوں کی نظیر سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ہر ایک ویساہی ہونا چاہئے جیسے کہ پہلے نبی۔کیونکہ جو چیز شرائط نبوت میں داخل نہیں وہ مختلف