انوارالعلوم (جلد 2) — Page 237
۲۳۷ دنیا کی جو چیزیں تمہیں پیاری لگتی ہیں ان کے مقابلہ میں تمہارے سامنے اﷲ تعالیٰ کی کیا شکل ہے۔آیا بھوپال والا خدا تو نہیں ہے یا اس کے قریب قریب ہے۔مگر خوب یاد رکھو کہ اﷲ تعالیٰ سب بدصورتیوں ،ساری بدیوں اور تمام برائیوں سے پاک اور منزّہ ہے۔آدم علیہ السلام کا قصہ: یہ دیکھ کر رونا آتا ہے کہ مسلمان آدم ؑ کا قصہ قرآن شریف میں پڑھتے ہیں تو کہتے ہیں کہ کیوں اس نے شیطان کا کہا مان کر ایک دانہ کے لالچ سے ہمیں ہمیشہ کی رہنے والی جنت سے نکال دیا۔اگر ہم ہوتے تو کبھی شیطان کا کہنا نہ مانتے۔مگر وہ یہ خیال نہیں کرتے کہ آدم ؑ کو ہی شیطان نے جنت سے نہیں نکالا بلکہ ہمیں بھی نکال رہا ہے۔وہ آدم ؑ کے ایک دفعہ دھوکا کھانے پر دل ہی دل میں برا کہتے ہیں مگر یہ نہیں سمجھتے کہ انہیں ہر روز شیطان دھوکا دے رہا ہے اور ان کی بغل میں بیٹھا ہے۔وہ یہ تو دریافت کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ آدم ؑ نے کیوں دھوکا کھایا مگر یہ نہیں جانتے کہ شیطان ہمارے پاس ہی بیٹھا ہو اہم سے بد کاریاں کرا رہا ہے ان کو چاہئے تھا کہ بجائے آدم ؑ پر اظہار افسوس اور رنج کرنے کے اپنے نفس پر کرتے۔آدم ؑ لوگوں کو جنت سے کیا نکال سکتے تھے۔ہر ایک انسان اپنے ہاتھ سے ہی جنت سے نکلتا ہے۔آدم ؑ کی وجہ سے کوئی جنت سے نہیں نکالا جاتا۔عیسائی کہتے ہیں کہ گناہ ہمیں آدم ؑ سے ورثہ میں ملا ہے اور اسی کے سبب ہم جنت سے نکالے گئے ہیں۔لیکن قرآن شریف میں تو اﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْ اَحْسَنِ تَقْوِیْمٍ۔(التین :۵)ہم نے انسان کو اچھی سے اچھی حالت میں پیدا کیا ہے جب خدا نے انسان کو اچھی حالت میں پیدا کیا ہے۔تو پھر جنت سے وہ کسی کے گناہ کے بدلہ اسے کہاں نکالتا ہے۔ہر ایک بچہ جو پید ا ہوتا ہے اس کا مکان جنت میں ہوتا ہے لیکن پھر وہ اپنے ہاتھ سے جنت کے گھر کو گرا کر دوزخ میں بناتا ہے۔پس تم اپنے دلوں میں یہ خیال مت کرو کہ کوئی اور آدم تھا جس کو شیطان نے جنت سے نکالا تھا بلکہ تم ہی ہو جن کے پیچھے شیطان لگا رہتا ہے اور کئی لوگوں کو جنت سے نکال دیتا ہے۔اگر کوئی شیطان کے قبضہ میں ہے تو وہ بھی اور اگر کوئی نہیں تو وہ بھی ہر وقت ہوشیار اور چوکس رہے تب ہی فائدہ ہوگا اگر ایک مجلس بیٹھی ہوئی ہو اور انہیں ایک آدمی آکر کہے کہ تم میں سے ایک آدمی کو پھانسی دی جائے گی۔پھر اگر وہ یہ سن کر سب کے سب وہاں بیٹھے رہیں اور ہر ایک یہ خیال کرے کہ مجھے نہیں کسی دوسرے کو پھانسی ملے گی تو ان میں سے ایک نہ ایک ضرور ملے گا۔لیکن اگر سب کے سب اس جگہ سے چلے جائیں تو گویا ہر ایک کی جان بچ گئی کیونکہ کون بتا سکتا کہ