انوارالعلوم (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 285 of 752

انوارالعلوم (جلد 26) — Page 285

انوار العلوم جلد 26 285 اب میں آئندہ سال کا پروگرام بتا تا ہوں آئندہ سال کے لئے ہمارا یہ پروگرام ہے کہ مسند احمد بن حنبل کی تبویب کو مکمل کیا جائے۔ملک سیف الرحمن صاحب اور ان کے ساتھ کام کرنے والوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ آئندہ نومبر تک اس کتاب کو مکمل کر دیں گے۔چونکہ اس کام کے لئے علم حدیث کی پوری مہارت کی ضرورت تھی اس لئے یہ کام سلسلہ کے علماء کے سپرد کیا گیا تھا۔لیکن باوجود اس کے کہ سلسلہ سے ہزاروں روپے لے کر انہوں نے تعلیم حاصل کی تھی اور سینکڑوں روپے ماہوار دے کر ہم نے ان کو حدیث کا علم سکھانے کے لئے ماہرینِ حدیث مقرر کئے تھے پھر بھی ان میں سے بعض کی لالچ اور حرص غیر احمدی مولویوں سے کم ثابت نہیں ہوئی لیکن اس کے باوجود میرا ارادہ ہے کہ آئندہ سال اس کتاب کو ان سے مکمل کرایا جائے گا۔إِنْشَاءَ اللهُ تَعَالیٰ اس کے علاوہ میرا یہ بھی ارادہ ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ توفیق دے تو اسلام کی اردو انسائیکلو پیڈیا بھی تیار کرائی جائے۔میرا اندازہ ہے کہ یہ کتاب دو ہزار صفحات پر مشتمل ہوگی اور جس طرح تفسیر صغیر کے بعد قرآن کریم کی مختصر تفسیر اور با محاورہ ترجمہ کے لئے کسی اور کتاب کی کم ہی ضرورت پیش آئے گی اسی طرح اس انسائیکلو پیڈیا کے بعد اسلام کے متعلق حوالہ جات نکالنے کے لئے کسی اور کتاب کی بہت کم ضرورت پیش آئے گی۔اب میں ایک نئی قسم کے وقف کی تحریک کرتا ہوں۔میں نے اس سے پہلے ایک خطبہ جمعہ میں بھی اس کا ذکر کیا تھا اور اُس وقت بہت سے لوگوں نے بغیر تفصیلات سنے اپنے آپ کو پیش کر دیا تھا۔میں نے اُن کو کہہ دیا تھا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے مجھے توفیق دی اور میں نے جلسہ سالانہ کے موقع پر تقریر میں اس نئے وقف کی تفصیلات بیان کر دیں تو ان تفصیلات کو سن کر اگر تم میں ہمت پیدا ہوئی تو پھر تم اپنے آپ کو پیش کر دینا۔میری اس وقف سے غرض یہ ہے کہ پشاور سے لے کر کراچی تک ہمارے معلمین کا جال پھیلا دیا جائے اور تمام جگہوں پر تھوڑے تھوڑے فاصلہ پر یعنی دس دس پندرہ پندرہ میل پر ہما را معلم موجود ہو اور اُس نے مدرسہ جاری کیا ہوا ہو یا ڈ کان کھولی ہوئی ہو اور وہ سارا سال اُسی علاقہ کے لوگوں میں رہ کر کام کرتا رہے۔اور گو یہ سکیم بہت وسیع ہے مگر میں