انوارالعلوم (جلد 26) — Page 481
انوار العلوم جلد 26 481 افتتاحی و اختتامی خط سالانہ 1959ء تفسیر کا ملنا مشکل ہو گیا تھا۔یہ تفسیر خدا تعالیٰ کے فضل سے قرآنی علوم و معارف کا ایک بہت بڑا خزانہ ہے اور جس قدر مستشرقین یورپ کی طرف سے اسلام پر اعتراضات کیے جاتے ہیں ان میں سے اکثر اعتراضات کا اس میں لطیف پیرا یہ میں جواب دے دیا گیا ہے۔اگر اس تفسیر کو پڑھ لیا جائے تو اسلام اور احمدیت کے متعلق کئی قسم کے نئے علوم حاصل ہوتے ہیں۔اور انسان کو محسوس ہوتا ہے کہ اس پر کیا ذمہ داریاں ہیں اور اسلام کی اشاعت اور دشمنانِ دین کے حملوں کے دفاع کے لئے اسے کیا طریق اختیار کرنا چاہئے۔یہ تفسیر الشرکۃ الاسلامیہ والوں نے شائع کی ہے۔اسی طرح تفسیر کی کچھ پہلی جلد میں بھی ان کے پاس موجود ہیں۔دوستوں کو چاہئے کہ وہ اس کتاب کو جلد خرید لیں ایسا نہ ہو کہ کتاب ختم ہو جائے اور پھر انہیں افسوس ہو۔اسی طرح اس سال ادارۃ المصنفین نے تاریخ احمدیت کا دوسرا حصہ بھی شائع کر دیا ہے۔گزشتہ سال اس کا پہلا حصہ شائع ہوا تھا۔دوستوں کو چاہئے کہ وہ اس کتاب کو بھی خریدیں اور پڑھیں تا کہ انہیں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانہ کے واقعات کا علم ہو۔اگر کتا بیں تو چھپتی جائیں مگر فروخت نہ ہوں تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوسکتا۔پس دوستوں کو اس سال کے نئے لٹریچر سے جو مختلف اداروں کی طرف سے شائع ہوا ہے فائدہ اٹھانا چاہئے۔اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس کی اشاعت میں حصہ لینا چاہئے۔اس کے بعد میں دوستوں کو اس امر کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے ہماری جماعت کو اس غرض کے لئے قائم کیا ہے کہ دنیا میں اسلام اور احمدیت کی اشاعت کی جائے۔اور دنیا کے چپہ چپہ پرمحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حکومت قائم کی جائے۔یہی ہمارے تمام کاموں کا نقطہ مرکزی ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کام کو ہمیشہ جاری رکھیں۔یہاں تک کہ دنیا کا کوئی ملک اور کوئی گوشہ ایسا نہ ہو جہاں اسلام اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آواز نہ پہنچ جائے۔