انوارالعلوم (جلد 25) — Page 236
انوار العلوم جلد 25 236 سیر روحانی نمبر (9) اس بات کا محتاج ہوں کہ عورتوں کی نصیحت سنوں اور کوئی محتاج نہیں۔نصیحت پر نصیحت میرے کان میں آتی تھی گو بوجہ دوری کے اور لاؤڈ سپیکر کے شور کے اور میرے کانوں کی خرابی کے میری سمجھ میں کچھ نہ آتا تھا کہ وہ مجھے کیا نصیحت کر رہی ہیں۔مگر ان کی آواز لہجہ اور شدت اور سختی سے یوں معلوم ہوتا تھا کہ وہ آج مجھے پوری طرح قائل کرنا چاہتی ہیں۔پس اول تو انہوں نے کوئی موقع ہی نہیں دیا کہ میں کام کر سکتا۔اس شور کی وجہ سے میرا دماغ بالکل پراگندہ تھا بلکہ اس کا یہ بھی نتیجہ ہوا کہ میری بھوک بالکل بند ہو گئی۔شاید ایک لقمہ بمشکل میں کھا سکا۔اس کے بعد جلسے کا وقت قریب آیا تو میں نے اُس تقریر کے نوٹ نکالے جس کو ہم علمی تقریر کہا کرتے ہیں۔اس کا خدا تعالیٰ نے یہ سامان کر دیا کہ پچھلے سال میری تقریر لمبی ہو گئی اور میں تھک گیا جس کی وجہ سے ایک حصہ جو میں نے بیان کیا تھا گو وہ بھی پوری طرح بیان نہیں کر سکا تھا مگر دوسرا حصہ پڑارہ گیا اس لئے وہ آج کام آگیا ہے۔بہر حال میں نے وہ نوٹ نکال کر انہیں پڑھنا چاہا کیونکہ اس میں بہت سی آیتیں آتی ہیں اس لئے ضروری تھا کہ میں ایک دفعہ پھر ان کو پڑھ جاؤں اور ترتیب کے لحاظ سے بھی ضروری تھا کہ میں پڑھوں تا کہ مجھے ترتیب یاد ہو جائے مگر جیسا کہ کل میں نے بتایا تھا آنکھ لگانے سے میری طبیعت تھک جاتی ہے اور بڑی جلدی دماغ کمزور ہو جاتا ہے۔پس اس وجہ سے بھی طبیعت میں تھکان پیدا ہوئی اور دماغ میں ایک تشویش سی پیدا ہوئی۔ڈاکٹروں نے میری آنکھ کے متعلق کہا ہے کہ اس میں ذاتی طور پر کوئی نقص نہیں یہ اعصابی کمزوری ہے۔جب آپ کو پریشانی ہوتی ہے تو آنکھ میں بھی کمزوری آجاتی ہے۔چنانچہ جب میں نے وہ نوٹ پڑھے تو دماغی پریشانی پیدا ہوئی اور ساتھ ہی کانوں اور آنکھوں میں بھی نقص پیدا ہو گیا اور اس وجہ سے بھی تشویش ہوئی۔اب اللہ بہتر جانتا ہے کہ آیا میں ترتیب کو نبھا سکوں گا یا نہیں۔لیکن بہر حال میں اپنی طرف سے کوشش کروں گا۔سیر روحانی کا ایک سلسلہ مضامین میں نے پچھلے چند سالوں سے سیر روحانی کا ایک سلسلہ مضامین جاری کر رکھا ہوا ہے جو زیادہ لمبا ہو گیا ہے مگر بہر حال آپ لوگوں کو ہر سال ایک