انوارالعلوم (جلد 25)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 145 of 572

انوارالعلوم (جلد 25) — Page 145

انوار العلوم جلد 25 145 سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں۔۔۔۔خطار بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نَصَلَّى عَلَى رَسُوْلِهِ الْكَرِيمِ سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں نمائندگان جماعت سے خطاب (فرموده 7 ستمبر 1955ء) تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: ”چونکہ اس وقت یہاں تمام جماعتوں کے نمائندے موجود ہیں اس لئے میں کچھ ضروری باتیں کہنا چاہتا ہوں جو اُن ڈاکٹروں کی آراء کے ساتھ تعلق رکھتی ہیں جنہوں نے ولایت میں مجھے دیکھا۔یوں تو یورپ کے کئی ڈاکٹروں نے مجھے دیکھا ہے چنانچہ جرمن ڈاکٹروں نے بھی دیکھا ہے اور انگریز ڈاکٹروں نے بھی دیکھا ہے لیکن اصل علاج ڈاکٹر روسیو کا تھا جو زیورک کے یونیورسٹی ہاسپٹل کے میڈیکل ڈائریکٹر ہیں۔پہلے بھی انہوں نے مجھے کہا تھا مگر چلتے وقت انہوں نے خصوصیت سے کہا کہ یہ بات میں ایک بار پھر آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ انسان کے اندر اللہ تعالیٰ نے ایک معین طاقت رکھی ہے اور اُسی کے مطابق اُسے کام کرنا چاہیئے۔آپ نے اپنی گزشتہ عمر میں نارمل کنڈیشن سے ڈیڑھ سو فیصدی زیادہ کام کیا ہے اب میں آپ کی بیماری کی آخری حالت کو دیکھ کر یہ تو نہیں کہتا کہ آئندہ آپ بالکل کام نہ کریں مگر میں یہ ضرور کہتا ہوں کہ ایک حد تک کام کریں اس سے زیادہ نہیں۔اگر پہلے آپ نارمل کنڈیشن سے ڈیڑھ سو فیصدی زیادہ کام کر چکے ہیں تو اب ایک نارمل آدمی کے نارمل کام کا زیادہ سے زیادہ سو فیصدی کر لیں اس سے زیادہ کام ایک تندرست آدمی بھی برداشت نہیں کر سکتا اور آپ پر تو بیماری کا ایک خطر ناک حملہ ہو چکا ہے۔