انوارالعلوم (جلد 25) — Page 113
انوار العلوم جلد 25 113 احباب جماعت کے نام پیغامات اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں۔جب سعودی، عراقی، شامی اور لبنانی ، ترک، مصری اور یمنی سو رہے ہوتے ہیں میں ان کے لئے دعا کر رہا ہوتا ہوں۔اور مجھے یقین ہے کہ وہ دعائیں قبول ہونگی۔خدا تعالیٰ ان کو پھر ضائع شدہ عروج بخشے گا۔اور پھر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قوم ہمارے لئے فخر و مباہات کا موجب بن جائے گی۔خدا کرے جلد ایسا ہو۔میں شوریٰ میں آنے والے دوستوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ سنجیدگی سے بجٹ اور دوسری باتوں پر غور کریں۔اس سال دس بارہ دن لگا کر میں نے خود بجٹ کو حل کیا ہے اس لئے بجٹ میں دوستوں کو زیادہ تبدیلی نہیں کرنی چاہیئے۔میراخیال ہے کہ میری بیماری کا موجب وہ محنت بھی تھی جو تحریک اور انجمن کے بجٹوں کو ٹھیک کرنے کے لئے مجھے کرنی پڑی۔میں تو بیمار ہو گیا۔مگر میری وہ محنت کئی سال تک آمد و خرچ کے توازن کو ٹھیک کر دیگی۔اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کے ساتھ ہو اور آپ کو ان فرائض کے پورا کرنے کی توفیق دے جن کا آپ وعدہ کر چکے ہیں اور جن کے بغیر جماعت کی قریب کی ترقی ناممکن ہے۔مرزا محمود احمد خلیفة المسیح الثانی "6/4/1955 (الفضل 10 / اپریل 1955ء) • پیغام بذریعہ تار مورخہ 1955ء-4-12 بوقت 7 بجے صبح ترجمہ: " مجھے مشورہ دیا گیا ہے کہ مجھے ہوائی جہاز کے ذریعہ سفر کرنا چاہیئے سو ہم انشاء اللہ کراچی سے 30/ اپریل کو نصف شب کے قریب روانہ ہو کر یکم مئی کو دمشق پہنچیں گے۔اس سے قبل ہمارے قافلے کا ایک حصہ کراچی سے براہ راست لندن جائے گا اور انشاء اللہ 27 / اپریل کو وہاں پہنچ جائے گا۔