انوارالعلوم (جلد 25) — Page 213
انوار العلوم جلد 25 213 متفرق امور ہے کہ اس کی فصل اچھی ہوتی ہے۔مسلمان محقہ کے لئے آگ جلا رہا ہوتا ہے اور یہ اُس وقت ہل چلا رہا ہوتا ہے۔حالانکہ جانتے ہو سکھ بیچارہ بڑا سیدھا سادہ ہوتا ہے۔ایک دفعہ ریل میں ایک سکھ تحصیلدار میرے ساتھ بیٹھا ہوا تھا کہنے لگا آپ کا عقیدہ ہے کہ اسلام عالمگیر مذہب ہے ؟ میں نے کہا ہاں۔کہنے لگا پھر ایک بات مجھے سمجھائیں۔میں نے کہا وہ کیا؟ کہنے لگا اسلام عالمگیر مذہب جو ہوا تو مر د عورت سب کے لئے ہوا۔میں نے کہا ہاں۔کہنے لگا تو پھر مرد تو ختنہ کرتے ہیں عورت کیا کرے ؟ میں نے کہا سر دار صاحب! آپ کا مذہب بھی عالمگیر ہے یا نہیں؟ ( وہ ہے تو نہیں مگر لوگ تو اپنے مذہب کو عالمگیر کہنے سے نہیں رکتے بلکہ وہ اس پر فخر کرتے ہیں) کہنے لگا۔نہیں جی ہمارا مذہب بھی عالمگیر ہے۔میں نے کہا سر دار صاحب! آپ کے ہاں داڑھی مونچھ رکھنے کا حکم ہے تو مرد نے تو رکھ لی عورت کیا کرے؟ کہنے لگا " جی اوہدی ہوندی ہی نہیں" میں نے کہا آپ اس سے ہی سمجھ جائیں۔کہنے لگا اچھا "ہن سمجھ آئی"۔میں نے کہا شکر ہے جلدی سمجھ آگئی۔مگر دیکھو باوجود اس کے وہ سادہ ہے اپنے کام میں بڑا ہوشیار ہے۔وہ زمینداری میں اور پیشہ میں آگے بڑھا ہوا ہے۔چنانچہ سارے لوہار اور ترکھان سکھ ہیں اور ایسی تجارت کرتے ہیں کہ دور دور تک ان کے بنے ہوئے مال جاتے ہیں اور پھر اب تو انہوں نے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ عقل بھی ان کی ایسی کمزور نہیں۔مثلاً افریقہ سے ہمیں خط آ رہے ہیں کہ سب سے زیادہ سکھ ہم سے تعلق رکھتے ہیں۔وہ کہتے ہیں کہ ہم سے غلطی ہو گئی کہ ہم نے پارٹیشن کے موقع پر آپ کی نصیحت نہیں مانی۔ہم سے یہ بڑی بیوقوفی ہوئی ہے۔انہوں نے لکھا کہ بعض سکھ تو چندے بھی دیتے ہیں اور اپنی محبت اور اپنا تعلق بھی ظاہر کرتے ہیں۔میں نے کہا اس سے فائدہ اٹھاؤ۔خدا تعالیٰ نے ایک موقع پیدا کیا ہے۔بہر حال یہ کام یہاں کا سکھ کر رہا ہے ، اٹلی کا زمیندار کر رہا ہے ، جاپان کا زمیندار کر رہا ہے، امریکہ کاز میندار کر رہا ہے، ہالینڈ کا زمیندار کر رہا ہے تم کیوں نہ کرو۔وہ اپنے پیٹ کے لئے کرتے ہیں تم خدا کے لئے کرو۔اچھی محنت کر ووقت پر پانی دو۔