انوارالعلوم (جلد 24)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 473 of 660

انوارالعلوم (جلد 24) — Page 473

انوار العلوم جلد 24 473 تعلیم الاسلام کا لج ربوہ کے افتتاح کے موقع پر خطار ہوتی ہیں حساب میں بھی غلطیاں ہوتی ہیں۔ڈاکٹری میں بھی غلطیاں ہوتی ہیں انجینئرنگ میں بھی غلطیاں ہوتی ہیں۔اسی طرح دوسرے علوم میں بھی غلطیوں کا امکان ہوتا ہے لیکن علم انہیں اس لئے کہا جاتا ہے کہ ان میں امکانِ صحت موجود ہوتا ہے تاریخ میں بھی امکانِ صحت موجود ہے اسلئے وہ علم ہے غرض اگر سائیکالوجی کے ذریعہ واقعات کو جانچا جائے تو تاریخ چاہے کتنی پرانی ہو ہم اسے پر کھ لیں گے۔یہ کالج جن علوم کے لئے بنایا گیا ہے۔ان کا سیکھنا تعلیم الاسلام میں شامل ہے تعلیم الاسلام کے متعلق غلط طور پر کہا جاتا ہے کہ اس کے معنے صرف نماز روزہ کے ہیں۔قرآن کریم سب علوم سے بھرا پڑا ہے۔خدا تعالیٰ نے شریعت اور قانون قدرت دونوں کو بنایا ہے۔پھر یہ عجیب بات ہے کہ ہم ان میں سے ایک کو مانتے ہیں اور ایک کو نہیں مانتے قانون قدرت بھی مذہب ہے اور خدا تعالیٰ کا بنایا ہوا ہے اور اسکے نتائج بھی یقینی ہیں قانون قدرت خدا تعالیٰ کا فعل ہے اور شریعت اس کا قول ہے اگر ہم خدا تعالیٰ کے قول سے استدلال کرتے ہیں تو اس کے فعل سے کیوں استدلال نہ کریں۔خدا تعالیٰ کے قول کو لے لینا اور اس کے فعل کو ترک کر دینا ایک بے ڈھنگے اور بے اصولے آدمی کا کام ہے خدا تعالیٰ مومنوں کو نصیحت کرتا ہے کہ لِمَ تَقُولُونَ مَا لَا تَفْعَلُونَ 23 تم وہ کچھ کیوں کہتے ہو جو تم کرتے نہیں۔گویا اس نے ہمیں ہدایت کی ہے کہ ہم جو کہتے ہیں وہ کریں بھی پھر خدا تعالیٰ یہ کس طرح کر سکتا ہے کہ وہ کہے کچھ اور کرے کچھ۔ہمارا خدا تعالیٰ کے متعلق اس قسم کا اعتقاد رکھنا درست نہیں ہو سکتا۔اس نے دین کو بھی بنایا ہے اور زمین و آسمان کو بھی پیدا کیا ہے فرق صرف یہ ہے کہ ایک اس کا قول ہے اور دوسرا اس کا فعل اور یہ دونوں چیزیں ایک دوسرے کی مؤید ہیں اور جب خدا تعالیٰ کا قول اور فعل ایک دوسرے کے مؤید ہیں تو دنیا میں جتنے مضامین پائے جاتے ہیں وہ قرآن کریم کے شاہد ہیں۔جس طرح ہمارے لئے یہ ضروری ہے کہ نماز روزہ کے احکام پر عمل کریں۔اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ حسب استطاعت دنیوی علوم بھی سیکھیں۔آگے جس طرح کوئی زیادہ عبادت کرتا ہے اور کوئی کم عبادت کرتا ہے۔اسی طرح کوئی زیادہ علوم سیکھ سکتا ہے اور کوئی کم علوم سیکھ سکتا ہے۔