انوارالعلوم (جلد 24) — Page 387
انوار العلوم جلد 24 387 تحقیقاتی عدالت میں حضرت امام جماعت احمدیہ کا بیان سوال: ازراہ کرم القول الفصل کے صفحہ 45 کو ملاحظہ فرمائیے جس میں حسب ذیل عبارت ہے: اس کے بعد خدا تعالیٰ کا حکم آیا۔جس کے بعد نماز غیروں کے پیچھے حرام کی گئی اور اب صرف منع نہ تھی بلکہ حرام تھی اور حقیقی حرمت صرف خدا تعالیٰ کی طرف سے ہوتی ہے۔“ کیا اس عبارت سے یہ ظاہر نہیں ہو تا کہ احمدیوں کو غیر احمدی امام کے پیچھے نماز پڑھنے کی ممانعت کی وجہ کچھ اور ہے؟ جواب: اس کا مطلب صرف یہ ہے کہ جس وجہ سے احمدیوں کو غیر احمدیوں کے پیچھے نماز پڑھنے سے منع کیا گیا اس کی بعد میں وحی کے ذریعہ بھی تصدیق کر دی گئی۔سوال: آپ نے انوار خلافت کے صفحہ نمبر 90 پر اس ممانعت کی ایک مختلف وجہ بیان کی ہے۔متعلقہ عبارت یہ ہے: ”ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم غیر احمدیوں کو مسلمان نہ سمجھیں اور ان کے پیچھے نماز نہ پڑھیں کیونکہ ہمارے نزدیک وہ خدا تعالیٰ کے ایک نبی کے منکر ہیں۔یہ دین کا معاملہ ہے۔اس میں کسی کا اپنا اختیار نہیں۔“ جواب: میں پہلے کہہ چکا ہوں کہ کفر کی ایک قسم ایسی بھی ہے جو ایک شخص کو ملت سے خارج نہیں کرتی۔ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ہمیں ایسے شخص کو اپنا امام بنانا چاہئے جو دوسروں سے زیادہ نیک اور صالح ہو۔ایک نبی کے انکار سے انسان کی نیکی کمزور ہو جاتی ہے۔سوال: آپ نے فرمایا ہے کہ کفر اور اسلام اضافی الفاظ ہیں۔کیا یہ صحیح نہیں کہ الفاظ کفر، کافر، کافروں ، کافرین، کفار ، الکفرۃ قرآن کریم میں ایک ہی مفہوم میں استعمال ہوئے ہیں۔یعنی ایسے اشخاص کے متعلق جو اُمت سے باہر اور دائرہ اسلام سے خارج ہیں؟ جواب: میں پہلے بتا چکا ہوں کہ یہ لفظ قرآن کریم میں ایک ہی معنوں میں استعمال نہیں ہوا۔کل میں نے قرآن کریم سے ہی اس کی ایک مثال پیش کی تھی۔