انوارالعلوم (جلد 21)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 570 of 694

انوارالعلوم (جلد 21) — Page 570

انوار العلوم جلد ۲۱ ۵۷۰ تعلیم الاسلام ہائی سکول اور مدرسہ احمدیہ کے قیام و استحکام سوال پر ٹھوکر کھائی اور کہا اسے بند کر دو لیکن اشرف المخلوقات انسان کی نسل میں سے ایک نوجوان نے کہا ایسا ہر گز نہیں ہوگا۔ہم سکول بند نہیں ہونے دیں گے اور جماعت کو نئے سرے سے مضبوط بنائیں گے۔اور اُس نے ثابت کر دیا کہ انسانوں میں سے بھی ایسے لوگ ہیں جو شہد کی مکھی سے کم نہیں اور پھر یہی نظارہ دوبارہ مدرسہ احمدیہ کے بند کرنے کے متعلق نظر آیا۔پھر انسان نے چھتہ میں سے شہد نکال کر اُسے بیکار کرنے کی کوشش کی اور پھر مکھیوں کو بے گھر بنانے کے لئے اپنا ہاتھ بڑھانا شروع کیا۔پھر دوبارہ بنی نوع انسان میں سے ایک نوجوان کو خدا تعالیٰ نے توفیق عطا فرمائی کہ وہ اس کی حفاظت کرے اور اُس نے کہا کہ ہم اپنے گھر کو اُجڑنے نہیں دیں گے بلکہ ہم اسے اور زیادہ مضبوط بنائیں گے۔یہ تو مکھی والا معجزہ ہوا۔لیکن اس کا ایک دوسرا پہلو بھی تھا کہ اگر قوم کی نو جوان پود اسی قسم کے معجزے دکھانے پر قادر ہوئی تو کیا اُدھیڑ عمر والے یا اُدھیڑ عمر سے زیادہ عمر والے لوگ بھی اس قسم کا معجزہ دکھا سکتے ہیں جو وہ جوانی میں دکھا سکتے تھے۔شہد کی مکھی نے ہمیشہ یہ معجزہ جوانی میں دکھایا ہے اور بہت سی قومیں یہ معجزہ دکھانے میں بھی نا قابل ثابت ہوئی ہیں۔بہت کم نوجوان ایسے ہیں جنہوں نے انسانوں میں سے ایسا کام کر کے دکھایا ہے لیکن جماعت احمدیہ کے ایک فرد نے یہ معجزہ دو دفعہ دکھایا۔مگر خدا تعالیٰ یہ بتانا چاہتا تھا کہ وہ انسان جسے میں نے اشرف المخلوقات قرار دیا ہے شہد کی مکھی جیسا معجزہ نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر بھی معجزہ دکھا سکتا ہے۔چنانچہ خدا تعالیٰ نے مجھے زندہ کی رکھا یہاں تک کہ مخالفین کا ہاتھ ایک دفعہ اور چھتہ کی طرف بڑھا اور اس دفعہ بڑی سختی کے ساتھ بڑھا۔دشمن نے قادیان میں جمع ہوئی ہوئی مکھیوں کو تباہ کرنا چاہا اور ان کے چھتہ کو بیکار کرنا چاہا۔قرآن کریم نے کلام الہی کو شہد سے تشبیہہ دی ہے قادیان میں کلام الہی کی خاطر جمع ہونے والی مکھیوں کو دشمن نے ان کے چھتہ سے بے دخل کر دیا اور انہیں اُڑا دیا۔شہد کی مکھیوں کا یہ معجزہ کی ہے کہ ان کی ولی عہد یعنی ملکہ کی سب سے بڑی لڑکی اپنی رعایا میں سے بعض مکھیوں کو لیکر دوسرا گھر بنا لیتی ہے وہ اپنا دوسرا مرکز قائم کر لیتی ہے مگر اب کی دفعہ انسان نے وہ معجزہ دیکھا جس کی مثال مکھی کا چھتہ نہیں دکھا سکتا۔