انوارالعلوم (جلد 21)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 454 of 694

انوارالعلوم (جلد 21) — Page 454

انوار العلوم جلد ۲۱ ۴۵۴ اسلام اور ملکیت زمین کا کوئی دخل نہیں ہوتا تو پھر اگر کسی شخص نے ذاتی قابلیت سے بہت سی زمین خرید لی تو اُس کی اولا داس کی کیوں وارث نہیں ہو سکتی۔قرآن شریف میں ذاتی قابلیت کو اگر تسلیم کیا ہے تو جس طرح وہ نوکری اور تجارت اور صنعت و حرفت میں تسلیم کی جائے گی اسی طرح زمین کے متعلق بھی تسلیم کی جائے گی۔اور اگر ذاتی قابلیت رکھنے والے انسان کی متروکہ جائداد کی اولاد جائز وارث ہوسکتی ہے تو پھر جس طرح نوکری کی آمد سے پیدا کی ہوئی جائداد کی اولا د جائز وارث ہو سکتی ہے یا تجارت اور صنعت و حرفت سے پیدا کی ہوئی جائداد کی اولا د جائز وارث ہوسکتی ہے اسی طرح ذاتی قابلیت سے پیدا کی ہوئی زمینوں کی بھی اولا د جائز وارث ہوسکتی ہے۔اگر کہا جائے کہ ہم ان لوگوں کے متعلق بھی گفتگو نہیں کر رہے جن کے باپ دادوں نے جائداد خریدی تھی بلکہ ہم تو ان لوگوں کے متعلق گفتگو کر رہے ہیں جن کی جائدادوں کے متعلق معلوم نہیں کہ وہ جائدادیں ان کو کس طرح ملیں یا جن کو حکومت نے جائدادیں بخشیں۔تو اس کا جواب یہ ہے کہ اول تو یہ بات غلط ہے کہ یہ لوگ صرف ان لوگوں کے متعلق بحث کر رہے ہیں جن کی جائدادوں کے متعلق علم نہیں کہ وہ کیسے حاصل ہوئی تھیں یا جن کی جائداد میں حکومت کی عطا کردہ ہیں۔اس مسئلہ پر جتنی بحثیں کی گئی ہیں ان میں قطعی طور پر کوئی استثناء نہیں کیا گیا اور جائدادیں خریدنے والے اور ورثہ میں لینے والے اور گورنمنٹ سے حاصل کرنے والے سب کو برا بر قرار دیا گیا ہے لیکن اگر یہ لوگ یہ امتیاز اور فرق تسلیم کر لیں تب بھی ان کا دعوی باطل ہے کیونکہ جیسا کہ میں اوپر ثابت کر چکا ہوں کوئی حکومت اپنے سے پہلے زمانہ کی ملکیوں پر نئے سرے سے بحث نہیں اُٹھا سکتی۔پہلا ثبوت تو اس کے متعلق رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل سے ملتا ہے۔آپ نے اپنے زمانہ کے صاحب جائداد لوگوں کے متعلق ہرگز یہ سوال نہیں اُٹھایا کہ اُن کو یہ جائداد کس ذریعہ سے حاصل ہوئی۔جائز ذریعہ سے یا نا جائز ذریعہ سے۔کیونکہ ایک لمبے عرصہ کے بعد کوئی شخص اس بات کو ثابت ہی نہیں کر سکتا کہ اس کے باپ دادا کو جائداد کہاں سے ملی تھی۔پس شریعت نے ایسے پرانے قبضہ کو جائز قبضہ قرار دیا ہے۔اگر کہا جائے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں بڑی جائدادیں تھیں ہی نہیں۔چونکہ بڑی جائداد میں نہیں تھیں اس لئے ان