انوارالعلوم (جلد 1)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 567 of 718

انوارالعلوم (جلد 1) — Page 567

خوردن برائے زیستن و ذکر کردن است اب ہم یہ بتاتے ہیں کہ آپؐ کا کھانا بھی نہایت سا دہ ہو تا تھا اورجو کچھ کھا تے تھے اس میں بھی بہت تکلفات سے کام نہ لیتے تھے۔حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ مَاعَلِمْتُ النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ اَکَلَ عَلٰی سُکُرَّ جَۃٍ قَطُّ وَلَا خُبِزَ لَہٗ مُرَقَّقٌ قَطُّ وَلَا اَکَلَ عَلی خِوَانٍ قَطُّ قِیْلَ لِقَتَا دَۃَ فَعَلٰی مَا کَانُوْ ایَاْکُلُوْنَ قَالَ عَلَی السُّفَرِ (بخاری کتاب الا طعمۃ باب الخَبزلمرقق والاکل علی الخوان)مجھے نہیں معلوم ہؤا کہ آنحضرت ؐ نے کبھی تشتریوں میں کھا یا ہو اور نہ آپؐ کے لیے کبھی چپاتیاں پکائی گئیں اور نہ کبھی آپؐ نے تخت پر کھا یا۔قتادہ رضی اللہ عنہ سے (جنہوں نے حضرت انس ؓسے روایت کی ہے)سوال کیا گیا کہ پھر وہ کس پر کھا یا کر تے تھے تو انہوں نے جواب دیا کہ دسترخوان پر۔حضرت انس ؓ کی روایت اس لحاظ سے قریبًا اہلِ بیت کے برابر سمجھی جا نے کے قابل ہے کہ آپؓ ابھی بچہ تھے کہ آنحضرتﷺ کے سا تھ رہے کیونکہ ان کے رشتہ داروں نے انہیں آنحضرت ؐ کی خدمت کے لیے پیش کیا تھا اور یہ آنحضرت ؐ کے مدینہ میںتشریف لا نے کے وقت سے جو آپ کے سا تھ رہے تو وفات تک الگ نہ ہوئے اور آپؐ کی زندگی بھر خدمت میں مشغول رہے۔پس آپؓ کی روایت ایک واقف کار کی روایت ہے جو ہر وقت آپؐ کے سا تھ رہنے کی وجہ سے ایسے امور میں بہت سے دوسروں کی نسبت زیا دہ پختہ اور مضبوط را ئے دے سکتا تھا اس لیے نہایت وزن داراور واقعات کے مطابق ہے۔اب اس کی زندگی مجموعی حیثیت سے دیکھو کہ ایک انسان بادشاہ ہے اسے سب کچھ نصیب ہے۔اگر چاہے تو اچھے سے اچھے کھانے کھا سکتا ہے اور پُرتکلف دسترخوان پر بیٹھ سکتا ہے لیکن باوجود مقدرت کے وہ اسی بات پر کفایت کر تا ہے کہ کبھی تو کھجور اور پا نی سے اپنی بھوک کو توڑ لیتا ہے اور کبھی جو کی روٹی کھا کر گزارہ کر لیتا ہے اور کبھی گیہوں کی رو ٹی تو کھا تا ہے مگر وہ بےچھنےآٹے کی ہو تی ہے۔پھر نہ اس کے سامنے کو ئی بڑا دسترخوان بچھایا جا تا ہے نہ سینیوں میں کھا نا چنا جا تا ہے بلکہ ایک معمولی دسترخوان پر سا دہ کھا نا رکھ کر کھا لیتا ہے اور باوجود ایسی سادہ زندگی بسر کر نے کے دنیاکے اعلیٰ سے اعلیٰ کھا نا کھا نے والوں اور اپنے جسم کی پرورش کر نے والوں سے ہزار گنا بڑھ کر کام کر تا ہے۔آنحضرت ؐ نے اپنی زندگی میں یہ بھی نمونہ دکھا دیا ہے کہ ہر قسم کی اعلیٰ سےاعلیٰ غذائیں بھی استعمال فر ما لیتے تھے مگر دوسری طرف اس سادہ زندگی سے ہمارے ان امراء کے لیے ایک نمونہ بھی قائم کر دیا ہے جن کی زندگی کا انتہا ئی مقصد اعلیٰ خوراک اور پوشاک ہو تی ہے۔