انوارالعلوم (جلد 19)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 441 of 669

انوارالعلوم (جلد 19) — Page 441

انوار العلوم جلد ۱۹ ۴۴۱ قیام پاکستان اور ہماری ذمہ داریاں يَا رَسُولَ الله !ہمارے گھر میں اس وقت کچھ بھی نہیں تھا لیکن میں تلاش کرنے کے لئے اُٹھی تو مجھے ایک کھجور مل گئی۔میں نے وہی کھجور اُٹھا کر اُسے دے دی۔يَا رَسُولَ الله ! عورت نے کھجور اپنے منہ میں ڈال لی اور میں نے سمجھا کہ وہ خود کھانے لگی ہے۔مگر اس نے وہ کھجور خود نہیں کھائی بلکہ دانتوں سے اُس کے دوٹکڑے کر کے ایک ٹکڑہ اُس نے اپنی اُس لڑکی کو دے دیا جو دائیں طرف بیٹھی ہوئی تھی اور دوسرا ٹکڑہ اُس نے اُس لڑکی کو دے دیا جو بائیں طرف بیٹھی تھی۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بات سنی تو فرمایا۔عائشہ! خدا نے مجھے بتایا ہے کہ جس شخص کے ہاں دولڑ کیاں ہوں اور وہ ان کی اچھی تربیت کرے تو اپنی لڑکیوں سے محبت رکھنے اور اُن کی نیک تربیت کرنے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ اپنی جنت اس کے لئے واجب کر دیتا ہے۔تو دیکھو بچوں کا پالنا جوعورت کے جذبات کی چیز ہے وہ بھی ایک ثواب کی چیز بن گیا۔بچوں کو کوئی ماں مذہبی احکام کی وجہ سے نہیں پالتی۔اگر کوئی عورت دہر یہ ہو تو تب بھی وہ اپنے بچوں کو پالتی ہے اور اگر فاسقہ فاجرہ ہو تو تب بھی وہ اپنے بچوں کو پالتی ہے۔مگر یہ جو طبعی جذبہ ہے اس کے متعلق بھی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ اگر خدا تعالیٰ کی رضا اور اس کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے کوئی عورت اپنی لڑکیوں کو پالتی اور انہیں ایک شریف شہری بنا دیتی ہے تو وہ جنت کی مستحق ہو جاتی ہے۔غرض دنیوی کاموں سے خدا تعالیٰ روکتا نہیں مگر جس چیز کا وہ حکم دیتا ہے وہ یہ ہے کہ ان کاموں میں سے کچھ وقت نکال کر ہم خدا تعالیٰ کی عبادت اور اُس کی رضا کے کاموں میں صرف کیا کریں۔مثلاً سب سے مقدم چیز پانچ وقت کی نماز ہے جو اسلام نے مقرر کی ہے۔اس زمانہ میں سارے مرد بھی نمازیں نہیں پڑھتے عورتوں کی حالت تو اس سے بھی گری ہوتی ہے۔بعض سمجھتی ہیں کہ سال میں اگر چند نمازیں بھی ان کو ادا کرنے کا موقع مل جائے تو ان کی بخشش کے لئے کافی ہے۔بعض نے یہ ایک نیا مسئلہ ایجاد کر لیا ہے کہ جمعۃ الوداع ادا کرنے کا اگر کسی کو موقع مل جائے تو اس کی سارے سال کی نمازیں پوری ہو جاتی ہیں۔بعض اس قسم کے وساوس میں مبتلا ہوتی ہیں کہ جب ہم نے پیر کی بیعت کر لی ہے تو قیامت کے دن وہی پیر ہمارا سارا بوجھ اٹھا لے گا ہم ہر قسم کے محاسبہ سے بچ جائیں گی۔