انوارالعلوم (جلد 19)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 177 of 669

انوارالعلوم (جلد 19) — Page 177

انوار العلوم جلد ۱۹ ۱۷۷ الفضل کے اداریہ جات کام کو کیا جائے۔ان لوگوں کے ادھر لانے میں پاکستان کا بھی فائدہ ہے۔وہ وہاں بے کا ر بیٹھے ہیں اور ہر روز ان کے مال لوٹے جا رہے ہیں اگر وہ کچھ مال بچا کر لے آئے تو پاکستان کی دولت بڑھے گی اور اگر یہاں آ کر انہوں نے مختلف کام شروع کر دیئے تو پاکستان کی اقتصادی حالت میں ترقی ہوگی۔آج پاکستان کی ہر اسلامی انجمن اور ہر اسلامی ادارے کو اس امر پر اپنی توجہ مبذول کر دینی چاہئے۔اسی طرح ہر با ہمت اور با رسوخ شخص کو ذمہ دار لوگوں کو توجہ دلانے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے۔وہ بہادر اور قربانی کرنے والے افسر جنہوں نے پہلے بھی بہت کچھ کام اس سلسلہ میں کیا ہے انہیں اپنی ہمت کی کمریں کس کر اور بھی زیادہ جوش سے اس کام کو جلد سے جلد پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے خدا کرے کہ ہماری یہ آواز صدا بصحرا ثابت نہ ہو اور لاکھوں مسلمانوں کی جانیں اس تباہی سے بچ جائیں اور اس بلائے عظیم کے آنے سے پہلے جو کہ دمبدم ان کے قریب آ رہی ہے وہ پاکستان میں داخل ہو جائیں۔حال ہی میں ہندوستان یونین کے پرائم منسٹر مسٹر نہرو نے اعلان کیا ہے کہ مغربی پنجاب کے ہندو اور سکھ کو بہت ہی جلد وہاں سے منتقل کر لیا جائے گا لیکن مشرقی پنجاب کے مسلمان کہیں دسمبر تک جا کر پاکستان میں پہنچ سکیں گے ان الفاظ سے ہر مسلمان حقیقت حال کو سمجھ سکتا ہے۔اگر یہ بھی سمجھ لیا جائے کہ سارے ہندو اور سکھ اکتوبر میں منتقل ہو جائیں گے تو مسلمانوں کو پورے طور پر منتقل ہونے میں نومبر اور دسمبر دو اور مہینے لگیں گے۔کون کہہ سکتا ہے کہ ان دو مہینوں میں وہ پاکستان کی طرف منتقل ہوں گے۔غالب خیال یہی ہے کہ وہ اگلے جہان کی طرف منتقل ہوں گے کیونکہ ہندوستان یونین کے لیڈر گو بڑے زور سے امن کے قیام کی اپیلیں کر رہے ہیں اور ہمارے خیال میں کم سے کم ایک حصہ ضرور دیانتداری سے ایسا کر رہا ہے خصوصاً مسٹر نہرو جن کے خیالات نیشنلسٹ ہیں لیکن باوجود ان اپیلوں کے ماتحت عملہ کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔چھوٹے افسر یہ بات برملا کہتے ہوئے سنے جاتے ہیں کہ مہما تما گاندھی اور مسٹر نہرو کو باتیں کرنے دو ہم نے جو مقصد اپنے سامنے رکھا ہے اسے پورا کر کے چھوڑیں گے۔پس پیشتر اس کے کہ مغربی پنجاب ہندو اور سکھ سے خالی ہو مشرقی پنجاب کے پناہ گزینوں کو وہاں سے نکال لینا چاہئے کیونکہ وہ اپنے گھروں کو چھوڑ چکے ہیں اور میدانوں میں پڑے ہیں۔ہمارے نزدیک ان