انوارالعلوم (جلد 18) — Page 533
انوار العلوم جلد ۱۸ ۵۳۳ جماعت کو چار چیزوں کی طرف زور دینا چاہئے بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ جماعت کو چار چیزوں کی طرف زور دینا چاہئے تقریر فرموده ۲۸ / دسمبر ۱۹۴۶ء بر موقع جلسه سالانه قادیان) تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔ایک دفعہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم حج کے لئے یا شاید عمرہ کے لئے تشریف لے گئے تو اُس وقت بھی بارش ہو رہی تھی رسول کریم صلی علیہ وآلہ وسلم نے سواری سے خطبہ پڑھا اور صحابہ نے کھڑے ہو کر سنا آج اللہ تعالیٰ نے ہمیں بھی اس مثال پر عمل کرنے کی توفیق اور موقع عطا فرما دیا۔میں نے کل جمعہ میں دوستوں کو اس بات کی طرف توجہ دلائی تھی کہ اب کام کا وقت آ رہا ہے ہمیں باتیں کم کرنی چاہئیں اور کام زیادہ کرنا چاہئے۔اللہ تعالیٰ نے آج بارش نازل فرما کر میری اس نصیحت کی تصدیق کر دی ہے اور اپنے قانونِ قدرت کو بھی اس بات کے اشارہ کے لئے مقرر فرمایا ہے کہ اب تمہارے لئے زیادہ سے زیادہ قربانیاں کرنے کا وقت آ رہا ہے۔اس لئے باتوں کی طرف کم توجہ کرو اور اپنے عمل کی اصلاح اور دوسرے لوگوں کے عمل کی اصلاح کی طرف زیادہ توجہ کرو۔میرا ارادہ کل تو یہ تھا کہ میں آج علمی مضمون پر تقریر کروں گا لیکن اس ارادہ سے پہلے متواتر میرے دل میں یہ خیال پیدا ہوا کہ میں اس دفعہ زیادہ تر جماعت کو اپنی عملی اصلاح اور اسلام کی آئندہ جنگ کے لئے تیاری کی طرف توجہ دلاؤں۔کل جب تقریر کرنے کے بعد میں واپس گیا تو رات کو پھر متواتر میرے دل میں خیال آیا کہ بجائے علمی مضمون پر تقریر کرنے کے میں جماعت کے دوستوں کو اس امر کی طرف توجہ دلاؤں کہ وہ اپنی اصلاح کریں اور اس جنگ کے لئے تیار رہیں جو قریب سے قریب تر آ رہی ہے یہ جو میری خلش او تڑپ تھی اس کی طرف بھی خدا تعالیٰ نے بارش کے ذریعہ سے توجہ دلائی ہے۔