انوارالعلوم (جلد 18)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 162 of 681

انوارالعلوم (جلد 18) — Page 162

انوار العلوم جلد ۱۸ ۱۶۲ قرآن کریم پڑھنے پڑھانے کے متعلق تاکید میں نئے علوم کا پیدا ہونا قرآن کریم ہی کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ لوگوں کو پڑھنے اور پڑھانے کی توفیق عطا فرما دے اور جماعت کے دوسرے دوستوں کو بھی توفیق عطا فرما دے کہ وہ قرآن شریف کے علوم حاصل کریں۔اور ہماری جماعت میں قرآن شریف کو اس طرح قائم کر دیں کہ اس کی جڑوں کو کوئی اُکھیڑ نہ سکے اور ہمارے بعد ہماری اولا دوں کو بھی توفیق عطا فرما دے کہ قرآنی علوم حاصل کریں اور دنیا میں پھیلائیں اور اس سلسلہ کو اس قدر وسیع کرتے چلے جائیں جس طرح پرانے زمانے میں فقیہہ بیٹھتے تھے۔جیسے حضرت امام مالک کے تو پانچ پانچ ہزار آدمی درس میں موجود ہوتے تھے اسی طرح ہماری جماعت میں خدا تعالیٰ قرآن شریف پڑھنے اور پڑھانے والوں کے دلوں میں یہ جذبہ پیدا کر دے کہ معلمین قرآن کا پڑھانا اور متعلمین درسوں میں جانا ایک مصیبت اور چٹی نہ سمجھیں بلکہ پروانوں کی طرح وہاں جمع ہوں۔اور اسی طرح ہوتا چلا جائے یہاں تک کہ ہم اور ہماری اولادیں اور اُن کی اولادوں کی اولادیں ایک زمانہ دراز تک خدا تعالیٰ کی حکومت کے ماتحت اُس کے کلام کو سیکھتے اور سکھاتے ہوئے اِس طرح ہنستے ہوئے اور خوشی کے ساتھ اُچھلتے ہوئے چلتے چلے جائیں گویا ہماری زندگی کی لذت اسی میں محصور ہے۔الحديد: ۱۷ لوقا باب ۱۵ آیت ۱۱ تا ۳۲ بخاری کتاب العلم باب فضل من علم وعلم (الفضل ۳ تا ۶ را کتوبر ۱۹۴۵ء)