انوارالعلوم (جلد 17) — Page 410
انوار العلوم جلد ۱۷ ۴۱۰ لجنہ اماءاللہ کی تنظیم سے متعلق ضروری ہدایات اپنے خدا کو فراموش نہیں کرتا اور دن میں متعدد بار اپنے خدا کو یاد کرتا ہے۔اسی کا نام عبادت ہے اور یہی نماز ہے۔ہم دیکھتے ہیں جہاں حقیقی محبت ہو وہاں کوئی شخص کسی کو اُس کی یا د سے روک نہیں سکتا۔ایک ماں کو کتنا ہی سمجھاؤ کہ وہ اپنے بچہ کی یا دچھوڑ دے، بچہ کو کتنا ہی کہو کہ وہ اپنی ماں کو یاد نہ کرئے ، دوست کو کتنا ہی کہو کہ وہ اپنے دوست کو یاد نہ کرئے ، بھائی کو کتنا ہی کہو وہ اپنے بھائی کو یاد نہ کرے، باپ کو کتنا ہی کہو کہ وہ اپنے بیٹوں کو یاد نہ کرے ، بیٹوں کو کتنا ہی کہو کہ وہ اپنے باپ کو یاد نہ کریں ، بیوی کو کتنا ہی کہو کہ وہ اپنے خاوند کو یا د نہ کرے یا خاوند کو کتنا ہی کہو کہ وہ اپنی بیوی کو یاد نہ کرے وہ قطعاً اس بات کے لئے تیار نہیں ہوتے کہ جن کے ساتھ اُن کو محبت ہے وہ اُن کی یاد چھوڑ دیں کیونکہ اُن میں حقیقی محبت ہوتی ہے مگر انسانوں میں سے ہم دیکھتے ہیں کہ کئی ایسے ہیں جو اپنے اندر انسانیت کی حقیقت نہیں رکھتے۔وہ اپنے خدا کو بھلا بیٹھے ہیں اور وہ اس بات کے محتاج ہوتے ہیں کہ اُن کو یاد دلایا جائے کہ اُن کا کوئی پیدا کرنے والا ہے اور وہی اُن کا حقیقی مالک ہے۔اگر اُن کو یہ بات یاد کرا دی جائے تو پھر وہ اس بات کے محتاج ہوتے ہیں کہ اُن کے دل میں خدا تعالیٰ کی یاد تازہ رکھی جائے اور پھر وہ اس بات کے محتاج ہوتے ہیں کہ یاد دلا دلا کر خدا تعالیٰ سے اُن کا تعلق مضبوط کیا جائے یہ ایک کمزوری ہے جو انسان میں حیوانیت کی وجہ سے آئی ہے۔انسان چونکہ پیدائش کے لحاظ سے حیوانوں سے تعلق رکھتا ہے اس لئے جب اس پر حیوانیت غالب آجاتی ہے تو جہاں ہمیں ایسے انسان نظر آتے ہیں جو ہر قسم کے تعلقات پر خدا تعالیٰ کو ترجیح دیتے ہیں اور دنیا کی محبت پر خدا تعالیٰ کی محبت کو مقدم رکھتے ہیں وہاں اس حیوانیت کے غالب آجانے کی وجہ سے ایسے انسان بھی نظر آتے ہیں جو خدا تعالیٰ کی محبت اور اُس کے تعلق کو بھلا کر حیوانوں کی طرح کھانے پینے ، عیش اور آرام کرنے ، عمدہ اور آرائش کے سامان مہیا کرنے ، سیر و تفریح کرنے اور دنیا کی لذات حاصل کرنے میں ہی زندگی سمجھتے ہیں اور اُخروی زندگی سے اُن کا کوئی تعلق نہیں ہوتا بلکہ اُن کی ساری کی ساری خواہشات اس دنیا کی زندگی سے وابستہ ہوتی ہیں۔مجھے اس پر تعجب آتا ہے۔جس طرح ہر انسان موت سے ڈرتا ہے اور اس سے بچنے کی کوشش کرتا ہے اور جس طرح