انوارالعلوم (جلد 16) — Page 433
افتتاحی تقریر جلسه سالانه ۱۹۴۲ء انوار العلوم جلد ۱۶ آؤ ہم دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ایسی توفیق عطا فرمائے کہ ہم ان مقاصد کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھیں اور پھر ان مقاصد کے مطابق عمل کرتے چلے جائیں۔اسی طرح دعاؤں میں اُن دوستوں کو بھی مد نظر رکھیں جن کے دل جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کے لئے تڑپ رہے ہیں مگر وہ جنگ کی وجہ سے کسی دُور دراز ملک میں ہیں اور اس وجہ سے وہ جلسہ میں شریک نہیں ہو سکے یا جنگی قیدی ہیں یا بیمار اور کمزور اور بوڑھے ہیں یا اُن کی مالی حالت ایسی نہیں تھی کہ وہ جلسہ میں آسکتے۔یا مالی حالت اچھی تھی مگر انہیں چھٹیاں نہیں ملیں۔ان تمام لوگوں کے لئے جن کے دل میں تڑپ تھی ، آرزو تھی اور خواہش تھی کہ وہ قادیان پہنچیں مگر مجبوریوں کی وجہ سے وہ اپنی خواہش کو پورا نہیں کر سکے۔دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ اس صدمہ کے بدلہ میں انہیں بہتر سے بہتر انعام دے اور اپنی نعمتوں سے اُن کے گھروں کو بھر دے تا کہ ان کے دلوں کو جو زخم پہنچا ہے اُس کے لئے تسکین کا سامان ہو جائے۔پھر ان لوگوں کے لئے بھی دعا کریں جن کو یہاں آنے کی توفیق تو تھی مگر وہ نہیں آئے کہ اللہ تعالیٰ اُن کی سُستی اور غفلت کو دور کرے اور اُنہیں تو فیق عطا فرمائے کہ وہ آئندہ کسی نیکی کے کام سے پیچھے نہ رہیں۔اسی طرح اُن لوگوں کے لئے بھی دعا کریں جن کے دلوں میں یہاں آنے کی خواہش ہی نہیں وہ علم رکھتے ہوئے ہم سے بغض رکھتے اور ہماری عداوت اور دشمنی میں حد سے بڑھے ہوئے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ان کی آنکھیں کھول دے تاکہ وہ بھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی جماعت میں شامل ہو جائیں اور اس حقانیت کے پھیلانے میں حصہ لیں جس حقانیت کے پھیلانے کی خدا تعالیٰ ہمیں توفیق دے رہا ہے اور ہمارے ہم دوش ہوکر وہ بھی شیطان کا مقابلہ کریں۔پھر ان لوگوں کے لئے بھی دعا کریں جو قادیان میں رہنے والے ہیں اور جن پر مہمانوں کی خدمت کا بہت بڑا بوجھ ہے آجکل سردیوں اور بیماریوں کے دن ہیں مگر باوجود اس کے بعض لوگ بیماری کی حالت میں بھی کام کر رہے ہیں اور جس طرح باہر کے لوگ تکلیفیں اُٹھاتے ہیں اسی طرح دیکھا گیا ہے کہ جلسہ سالانہ کے بعد قادیان کے رہنے والوں میں سے بہت سے بیمار ہو جاتے ہیں پس دوست اِن کے لئے بھی دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ انہیں پوری طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کی توفیق دے اور ہر قسم کے بداثرات سے جو ان بیماریوں اور سردیوں کے دنوں میں ان کی صحت پر پڑ سکتے ہیں محفوظ رکھے۔اسی طرح دوست دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ دنیا میں ایسے تغیرات رونما فرمائے کہ جن کے نتیجہ میں اسلام اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان کا اظہار ہو اور پھر خدا اسلام کی بادشاہت کو