انوارالعلوم (جلد 16) — Page 4
افتتاحی تقریر جلسه سالانه ۱۹۴۰ء انوار العلوم جلد ۱۶ پھر جلسہ کے آخر تک اس تعداد میں اضافہ ہوتا رہتا ہے اور ۲۰ ہزار تک پہنچ جاتی ہے۔یہ خدا تعالیٰ کا کتنا بڑا احسان ہے کہ اُس نے ایک بیج بویا اور اُسے اس قدر بڑھایا ہمارا فرض ہے کہ ہم خدا تعالیٰ کے اس احسان کی قدر کریں کہ اُس نے ہمارے دلوں کو مہبطِ وحی بنایا۔خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہر ایک کو وحی کے ذریعہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی مدد کے لئے کھڑا کریں گے۔پس آپ لوگوں میں سے ہر ایک صاحب وحی ہے۔اگر کسی کو کبھی الہام نہ ہوا ہوا گر چہ اکثر لوگ ایسے ہیں جن کو الہام ہوتے رہتے ہیں تو بھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا یہ الہام بتا تا ہے کہ ہراحمدی کو الہام ہوا۔چاہے وحی خفی ہو یا وحی جلی۔وحی خفی دماغ پر نازل ہوتی ہے پس کوئی احمدی نہیں جو صاحب وحی نہ ہوا اور جب ہر احمدی صاحب وحی ہے تو ہر احمدی کا فرض ہے کہ اللہ تعالیٰ کے کلام کی عظمت اور شوکت دنیا پر ظاہر کرے۔پھر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوا میں جماعت کے لوگوں کو ان کی عام ذمہ داری کی طرف توجہ دلاتا ہوں۔یہ ایام خشیت اللہ کے اور خدا تعالیٰ کے خاص فضلوں کے ہیں پس جو لوگ ان ایام میں یہاں آئے ہیں وہ جہاں آپس میں ملاقاتیں کریں ، دنیوی کام سرانجام دیں، وہاں ساتھ ہی خدا تعالیٰ کو زیادہ یاد کریں، زیادہ دعائیں کریں، زیادہ توجہ سے نمازیں پڑھیں۔دیکھو! جب بارش ہوتی ہے تو زمیندار اپنے کھیتوں کی مینڈیں درست کرنا شروع کر دیتا ہے تا کہ کھیتوں میں پانی بھر لے نہ کہ گھر میں بیٹھا رہتا ہے۔یہ ایام خدا تعالیٰ کے فضلوں کی بارش کے دن ہیں۔پس خدا تعالیٰ کی رحمت کے پانی سے اپنے سینوں کو بھر لو تاکہ سال بھر تمہارے کام آئے اور جب تک پھر تمہیں یہاں آنے کا موقع ملے اُس وقت تک تمہارے دلوں کی کھیتی سُوکھے نہیں۔پس ان ایام میں زیادہ سے زیادہ دعائیں کرو، زیادہ سے زیادہ عبادت کرو اور زیادہ سے زیادہ اپنے قلوب میں خشیت اللہ پیدا کرو۔ہو سکتا ہے کہ اگلے سال تم میں سے کسی کو ایسی ضروریات اور مشکلات پیش آ جائیں جن کا علاج اُس کے پاس نہ ہو اور وہ سالانہ جلسہ میں شریک نہ ہو سکے۔یا دوران سال میں ہی کوئی شیطان اس قسم کا وسوسہ ڈال دے جس کے ازالہ کے لئے اس جلسہ میں کوئی بات نہیں کہی گئی لیکن اگر ان ایام میں تم خصوصیت سے تہجد پڑھو گے، دعائیں کرو گے اور نمازیں ادا کرو گے تو اول تو اللہ تعالیٰ تقریریں کرنے والوں کی زبان پر ایسے الفاظ نازل کرے گا جو سارے سال تمہارے کام آئیں گے۔یا پھر آپ کے دل میں ایسا چشمہ جاری کر دیگا جو سارا سال تمہارے ایمان کو تازہ رکھے گا اور کسی شیطان کی وسوسہ اندازی کچھ اثر نہ کرے گی۔