انوارالعلوم (جلد 14)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 132 of 642

انوارالعلوم (جلد 14) — Page 132

انوار العلوم جلد ۱۴ تحریک جدید کے مقاصد اور ان کی اہمیت ملائکہ کام کر رہے ہیں اور وہ انسانی الفاظ نہیں رہے بلکہ خدائی نصرت ان میں پائی جاتی ہے۔اس لئے پھر میں جماعت کو توجہ دلاتا ہوں کہ بیکاری ایک لعنت ہے اسے جس قد ر جلد دور کر سکتے ہو دور کرو اور یاد رکھو جب تک بیکاری دور نہیں ہو گی ، جماعت میں صحیح اخلاق کبھی پیدا نہیں ہو سکتے۔میں نے قادیان کے متعلق ایک سکیم بھی بنائی تھی جس کے مطابق تحریک جدید کے چندہ کے ایک حصہ کو بطور رأس المال نفع مند کاموں پر لگا کر جو منافع حاصل ہو، اس سے اس قسم کے کام جاری کرنے کی تجویز ہے جن میں عورتیں، نابینا اشخاص اور غرباء بھی حصہ لے سکیں۔مثلاً ٹوکریاں بنانا ، چکیں بنانا ، ازار بند اور پراندے وغیرہ بنانا۔اسی طرح میرے مدنظر اس قسم کے بھی کام ہیں۔جیسے میز کرسیاں بنانا ، لوہے کا کام اور اسی طرح کی دوسری چیزیں جو دسا ورث کے طور پر بھیجی جا سکتی ہیں۔میں نے تحریک کی تھی کہ جو دوست ان کاموں سے واقف ہوں وہ مشورہ دیں کہ کیا کیا کام جاری کئے جائیں۔اس پر بعض دوستوں نے نہایت اعلیٰ مشورے دیئے ہیں۔گو اس کے مقابلہ میں بعض تجربہ کاروں نے ایسے بھونڈے مشورے دیئے ہیں کہ انہیں پڑھ کر ہنسی آتی ہے۔لیکن بعض اور دوستوں نے واقع میں ایسے لطیف مشورے دیئے ہیں کہ ان کی بنیاد پر نہایت اعلیٰ کام جاری کئے جاسکتے ہیں۔میں پھر اس موقع پر تحریک کرتا ہوں کہ اگر کسی نے میرا وہ خطبہ نہ پڑھا ہو تو آب جن جن دوستوں کو ایسے کام معلوم ہوں جنہیں تھوڑے سے روپیہ سے شروع کیا جا سکے اور بیکاری دُور ہو ، وہ خطوط کے ذریعہ مجھے اطلاع دے دیں۔اور جو ان کاموں میں مہارت رکھتے ہیں ، وہ بھی اپنے تجربہ سے آگاہ کریں۔ایک تحریک میں نے یہ کی تھی کہ تبلیغ کیلئے دوست اپنے آپکو وقف کریں تا انہیں ایک، دو یا تین ماہ کیلئے مختلف مقامات پر تبلیغ کیلئے بھیجا جا سکے۔میں پہلے بھی ذکر کر چکا ہوں کہ جماعت میں روح ہونی چاہئے کہ جس طرح وہ مالی قربانی کرتی ہے اسی طرح جسمانی قربانی میں بھی حصہ لے۔تین ماہ یا دو ماہ یا ایک ماہ تبلیغ کیلئے دے دینا کوئی بڑی بات نہیں۔سرکاری ملازم بھی اپنی چھٹیوں کو وقف کر سکتے ہیں بے شک بعض سرکاری ملازمتیں ایسی ہوتی ہیں جن میں انسان کو چھٹی نہیں ملتی۔پھر بعض لوگ ایسی ڈیوٹیوں پر مقرر ہوتے ہیں جن سے انہیں لمبے عرصہ کیلئے فارغ نہیں کیا جا سکتا۔لیکن ان استثنائی صورتوں کے علاوہ باقی جس قدر ملازم، زمیندار، تاجر اور پیشہ ور