انوارالعلوم (جلد 14) — Page 226
انوار العلوم جلد ۱۴ سر میاں فضل حسین صاحب کی المناک وفات پر خطاب انہیں ذلیل کریں اور انہیں لوگوں کی نگاہ میں عزت حاصل نہ کرنے دیں۔لیکن اللہ تعالیٰ نے مخالفین کو رسوا کیا چنانچہ موت تو سرمیاں فضل حسین صاحب کی جولائی میں مقد رتھی اور پہلے عہدہ سے علیحدگی کے بعد ان کیلئے بظاہر کوئی چانس اور موقع ایسا نہ تھا جس میں وہ پھر کوئی عزت حاصل کر سکتے مگر ان کے دشمنوں نے چونکہ انہیں مرزائیت نو از کہہ کہہ کر ذلیل کرنا چاہا، اس لئے اللہ تعالیٰ نے اس اعتراض کی غیرت میں انہیں عزت دی اور عزت دینے کے بعد انہیں وفات دی اس کیلئے خدا تعالیٰ نے کتنے ہی غیر معمولی سامان پیدا کئے۔چنانچہ پنجاب کے وزیر تعلیم سر فیروز خاں نون کے انگلستان جانے کا بظاہر کوئی موقع نہ تھا اور جن کو اندرونی حالات کا علم ہے وہ جانتے ہیں کہ آخری وقت تک سر فیروز خان صاحب نون کے ولایت جانے کے متعلق کوئی یقینی اطلاع نہ تھی۔بعض اور لوگوں کیلئے گورنمنٹ آف انڈیا اور ولایتی گورنمنٹ بھی کوشش کر رہی تھی اور اگر سر فیروز خان پنجاب میں ہی رہتے تو اب سر فضل حسین صاحب بغیر کسی عہدہ کے حاصل کرنے کے دنیا سے رخصت ہو جاتے۔لیکن اللہ تعالیٰ بتانا چاہتا تھا کہ جو شخص احمدیت کی خاطر اپنے اوپر کوئی اعتراض لیتا ہے ہم اسے بھی بغیر عزت دیئے فوت نہیں ہونے دیتے۔پس غیر معمولی حالات میں سر فیروز خاں صاحب نون ولایت گئے اور سرمیاں فضل حسین صاحب وزیر تعلیم مقرر ہو گئے اور چند دنوں کے بعد ہی وفات پاگئے۔۱۸۔جون کو وہ پنجاب کے وزیر تعلیم مقرر ہوئے تھے اور ۹۔جولائی کو فوت ہو گئے۔گو یا صرف تین ہفتے وہ اس عہدہ پر فائز رہے۔میرے نزدیک یہ بھی خدائی حکمت اور خدائی مکر تھا جو دشمنوں کو یہ بتانے کیلئے اختیار کیا گیا کہ تم تو اس کے دشمن ہو اور چاہتے ہو کہ اسے ذلیل کرولیکن ہم اس کو بھی ذلیل نہیں ہونے دیں گے جو گو احمدی نہیں مگر احمدیت کی وجہ سے وہ لوگوں کے مطاعن کا ہدف بنا ہوا ہے۔چنانچہ اللہ تعالیٰ نے انہیں بر سر اقتدار کیا اور اس قدر عزت دی کہ ان کی وفات سے چند دن پہلے ہی ایک ہندو اخبار نے اس بات پر مضمون لکھا تھا کہ ہندوستان میں اس وقت کون حکومت کر رہا ہے؟ اُس نے لکھا کہ گو بظاہر یہ نظر آتا ہے کہ انگریز حکومت کر رہے ہیں یا وائسرائے حکومت کر رہا ہے یا گورنر حکومت کر رہا ہے مگر یہ درست نہیں اصل میں تمام ہندوستان پر سرمیاں فضل حسین حکومت کر رہے ہیں اور گو وہ پنجاب میں ایک منسٹر ہیں مگر گورنمنٹ آف انڈیا میں سر ظفر اللہ خان ان کی طرف سے مقرر ہیں اور ولایت میں سر فیروز خان نون ہیں اور ان کی پارٹی کے اور بھی لوگ ہیں جو بڑے بڑے عہدوں پر ہیں اس طرح ساری حکومت سر میاں فضل حسین صاحب