انوارالعلوم (جلد 14)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 377 of 642

انوارالعلوم (جلد 14) — Page 377

انوار العلوم جلد ۱۴ فضائل القرآن (1) امام حسنؓ نے ایک دفعہ پوچھا کہ کیا آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں تو انہوں نے کہا ہاں! پھر انہوں نے پوچھا کیا آپ خدا سے بھی محبت کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا ہاں۔یہ سن کر حضرت حسنؓ کہنے لگے۔کیا یہ شرک نہیں کہ آپ خدا کی محبت میں میری محبت کو بھی شریک کرتے ہیں؟ حضرت علیؓ نے فرمایا۔اے میرے بیٹے ! یہ شرک نہیں کیونکہ اگر خدا کی محبت کے مقابلہ میں تیری محبت آ جائے تو میں اُسے اُٹھا کر پرے پھینک دوں گا۔پس دعا کرو کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی محبت دے اور اگر ماسوی اللہ کی محبت ہمارے دلوں میں ہو تو محض اُس کی وجہ سے ہو مستقل نہ ہو۔اللہ تعالیٰ ہم کو اچھے کاموں کی توفیق دے ہمیں دناءت، کمینگی اور پست ہمتی سے محفوظ رکھے۔ہمارے خیالات میں وسعت دے، ہماری کوششوں میں برکت ڈالے اور ہماری قربانیوں کو زیادہ کرے۔اور ہمیں توفیق دے کہ ہم اسلام کی اشاعت کے لئے رات اور دن کام کرتے چلے جائیں مگر ہم یہ سمجھیں کہ ہم نے کچھ بھی نہیں کیا۔پھر وہ ہمیں اپنے فضل سے اس بات کی توفیق عطا فرمائے کہ ہم اپنی زندگیاں اُس کے دین کے لئے وقف کر دیں۔اللہ تعالیٰ ہمارے دلوں سے لالچ اور حرص نکال دے۔اللہ تعالیٰ ہمارے دلوں سے ظلم کا مادہ نکال دے۔اللہ تعالیٰ ہمارے دلوں سے بدظنی اور اپنے بھائیوں کی عیب جوئی اور اُن پر طعنہ زنی کا مادہ نکال دے۔اللہ تعالیٰ ہمیں ہر عیب سے بچائے۔ہمارے اندر رحم پیدا کرے۔ہمیں قرآن کا علم دے۔اس کے پڑھنے کی توفیق بخشے اور اس کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔اور اپنے کلام کی ایسی محبت ہمارے دلوں میں ڈال دے کہ اس کا کلام ہماری روح کی غذا بن جائے۔اللہ تعالیٰ ہمارے دلوں میں نور پیدا کرے۔وہ ہماری آنکھوں، ہمارے کانوں ، ہمارے دماغوں ، ہمارے ہاتھوں اور ہمارے پاؤں میں نور پیدا کرے۔ہمارے آگے بھی نور ہو ہمارے پیچھے بھی نور ہو۔ہمارے دائیں بھی نور ہو ہمارے با ئیں بھی نور ہو۔ہمارے اندر بھی نور ہو ہمارے باہر بھی نور ہو یہاں تک کہ ہم مکمل نور بن جائیں۔اللہ تعالیٰ تمام تاریکیوں اور ظلمتوں سے ہمیں محفوظ رکھے اور ہمیں اپنی پناہ میں لے لے۔وہ ہر قسم کے دشمنوں کے حملوں سے ہمیں بچائے۔اپنے فضلوں کے دروازے ہم پر کھول دے اور ہمارے قلوب کو اتنا پاک اور مصفی کر دے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ظلت اس پر پڑنے لگے۔یہاں تک کہ ہم اس کے وہ بندے بن جائیں جن کے متعلق قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے فَادْخُلِي فِي عِبَادِي وَادْخُلِي جَنَّتِي ۵۶-