انوارالعلوم (جلد 13) — Page 419
419 انوار العلوم جلد ۱۳ سید عطاءاللہ شاہ بخاری کے مقدمہ میں حضور کا بیان جواب: میرے سامنے وہ الفاظ پیش کئے جائیں تو دیکھ کر بتا سکتا ہوں۔سوال: کیا یہ ٹھیک ہے کہ ایک احمدی ایک ہزار پر بھاری ہے۔جواب: میں سوال سمجھنا چاہتا ہوں۔کیا آپ یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ ایسا ہے یا یہ کہ یہ میں نے کہا ہے۔سوال: سوال یہ ہے کہ کیا آپ نے ایسا کہا۔جواب: مجھے یاد نہیں میرے سامنے لایا جائے تو بتا سکتا ہوں۔اس سے میرا یہ مطلب نہیں کہ میں نے نہیں کہا۔ممکن ہے کہا ہو۔سوال: کیا آپ کو یاد ہے کہ جب اسمبلی کا انتخاب ہوا۔اور مسٹر گا با احراری امیدوار کھڑے ہوئے تو آپ چاہتے تھے کہ ان کی بجائے حاجی رحیم بخش کامیاب ہو جائیں۔جواب: میں نے حاجی رحیم بخش صاحب کی تائید کی تھی۔سوال: کیا آپ کو معلوم ہے کہ مسٹر گا با کامیاب ہو گئے۔جواب: میں نے اخباروں میں اعلان پڑھا تھا۔سوال: کیا یہ ٹھیک ہے کہ چوہدری ظفر اللہ خان صاحب آپ کے مرید ہیں۔جواب: ہاں۔سوال: ان کی تقرری کی احرار نے بہت مخالفت کی تھی۔اور بہت کچھ لکھا تھا کہ وہ نہ ہوں۔جواب: چونکہ لوگوں میں مشہور تھا کہ احرار نے مخالفت کی۔یہ میں نے سنا تھا اور کثرت سے سنا تھا اس لئے میں نے یقین کیا کہ مخالفت کی۔سوال: آپ نے ایک موقع پر کہا تھا کہ چوہدری ظفر اللہ خاں صاحب کا کا میاب ہو جانا ہمارا روحانی معجزہ ہے۔جواب: ایک آدھ لفظ کی کمی بیشی سے مفہوم میں بہت فرق پڑ جاتا ہے۔اس لئے جب تک اصل الفاظ پیش نہ کئے جائیں۔نہیں کہہ سکتا کہ کیا میں نے کچھ کہا تھا یا نہیں۔سوال: ۲۱۔جون ۱۹۳۴ ء کے الفضل میں آپ کا جو خطبہ شائع ہوا ہے۔اس کے صفحہ ے پر یہ الفاظ ہیں۔ایک عام مومن ۱۰ پر بھاری ہو جاتا ہے اور اگر اس سے بھی ترقی کرے تو صحابہ کے طرز عمل سے تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ ان میں سے ایک ایک نے ہزار کا مقابلہ کیا ہے۔یہ آپ کے الفاظ ہیں۔