انوارالعلوم (جلد 12) — Page 237
۲۳۷ اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ- ھوالناصر برادران ِریاست جموں و کشمیر کے نام میرا آٹھواں خط السلام علیکم ورحمہ اللہ وبرکاتہ مجھے اپنے ساتویں خط کے متعلق اطلاع ملی ہے کہ اس پر بعض دوستوں کو اعتراض ہے- چنانچہ اس بارہ میں ایک دو خط بھی مجھے جموں سے ملے ہیں اور ایک دوست جو گذشتہ جلسہ آلانڈیا کشمیر کمیٹی میں جموں کے نمائندوں میں سے شامل ہوئے تھے انہوں نے بھی ان غلط فہمیوں کا ذکر کیا تھا جو اہل جموں کے دلوں میں اس بارہ میں پیدا ہو رہی ہیں- وہ غلط فہمیاں یہ ہیں- (۱) گلینسی کمیشن نے اچھی رپورٹ نہیں لکھی اور بلاوجہ اس کی تعریف کر دی گئی ہے- (۲) بعض امور میں گلینسی رپورٹ نے پہلے سے بھی بدتر حالات پیدا کر دیئے ہیں- (۳) ارتداد کا مسئلہ نہایت اہم مسئلہ تھا- اس کو میں نے اپنے خط میں بالکل نظر انداز کر دیا ہے- (۴) وائسرائے اور مہاراجہ صاحب کی خوشنودی کو مسلمانوں کی خیر خواہی پر مقدم رکھا گیا ہے- (۵) جب تک وہی حالت نہ پیدا ہو جائے جو انگریزی ہندوستان کے باشندوں کی ہے اس جدوجہد کو نہیں چھوڑنا چاہئے- (۶) ان سفارشات پر عمل نہ ہوگا- مجھے ان اعتراضات کو سن کر تعجب بھی ہوا اور حیرت بھی- انسان کا حافظہ کس قدر کمزور ہے ابھی چند ماہ ہوئے ان اعتراض کرنے والوں میں سے کئی اس سے بھی کم اختیارات کو بڑی