انوارالعلوم (جلد 12) — Page 587
۵۸۷ ہمارا فرض ہے کہ جماعت کی چاردیواری کو ہر طرف سے مضبوط کریں- اس کی ایک طرف کی دیوار اقتصادی حالت ہے اسے اگر مضبوط نہ کیا جائے تو سخت نقصان ہوگا- فی الحال جو چھوٹا سا کام شروع کرنے کی تجویز ہے اس میں احباب کو شرکت اختیار کرنی چاہئے- جب ہم اس کام میں روپیہ اس نیت سے لگا رہے ہیں کہ جماعت کی طاقت اور قوت بڑھے‘ جو بے کار لوگ ہیں وہ کام پر لگ جائیں‘ مسلمانوں کی اقتصادی حالت درست ہو سکے‘ اچھوت اقوام میں تبلیغ کر سکیں تو انشائاللہ اس کمپنی کو کسی صورت میں بھی نقصان نہیں ہوگا اور اگر خدانخواستہ مالی لحاظ سے نقصان ہو تو خدا تعالیٰ دوسری طرح اسے پورا کر دے گا- بعض لوگ سٹور کے فیل ہونے سے ڈرے ہوئے ہیں مگر وہ منافع کیلئے کام شروع کیا گیا تھا اور اب جو کام شروع کیا جانے والا ہے اس کی غرض یہ ہے کہ مسلمانوں کو ترقی حاصل ہو اور اقتصادی پہلو سے ان کی حفاظت کر سکیں- پھر ترقی کرنے والی قوم کو اس طرح کی باتوں سے ڈرنا نہیں چاہئے کہ فلاں کام میں نقصان ہو گیا تھا اس قسم کا ڈر ترقی کے رستہ میں بہت بڑی روک ہے- انگریزوں نے جب ایسٹ انڈین کمپنی بنائی تو پہلے اس میں گھاٹا پڑتا رہا مگر انہوں نے استقلال کے ساتھ کام جاری رکھا آخر ہندوستان کی بادشاہت انہیں مل گئی- غرض قومی طور پر جو کام شروع کیا جائے وہ گو ابتداء میں معمولی نظر آئے‘ اس میں مشکلات ہوں‘ اس میں نقصان اٹھانا پڑے لیکن اگر قوم ہمت اور استقلال سے اسے جاری رکھے تو آخر کار عظیم الشان نتائج رونما ہوتے ہیں ہماری جماعت کو ایسی ہی ہمت دکھانی چاہئے- مسلمانان ِکشمیر کی امداد اقتصادی حالت کی اصلاح کے ماتحت میں ایک اور سوال کو لیتا ہوں وہ مسلمانان کشمیر کا مسئلہ ہے- میں اس کو بھی سیاسی سوال نہیں بلکہ اقتصادی سوال سمجھتا ہوں کیونکہ مسلمانوں کا ایک بہت بڑا حصہ اقتصادی غلامی میں مبتلا ہے اور اگر یہ حصہ اقتصادی طور پر غلام رہے تو اس لحاظ سے مسلمانوں میں کمزوری پائی جائے گی- اسی وجہ سے میں نے اس معاملہ میں حصہ لیا ورنہ میں حصہ لینے کا کوئی حق نہ سمجھتا اور آج بھی نہیں سمجھتا ہوں مگر میں نے دیکھا مسلمانوں کی ایک بہت بڑی آبادی اقتصادی غلامی میں مبتلا ہے اسی لئے میں نے دوستوں کو مسلمانان کشمیر کی امداد کی طرف توجہ دلائی اور چندہ دینے کی تحریک کی- میں خوش ہوں کہ دوستوں نے توجہ کی اور ڈیڑھ ہزار کے قریب ہندوستان اور بیرون ہند سے ماہوار چندہ آ جاتا ہے مگر اخراجات کی زیادتی کی وجہ سے دس ہزار کے قریب