انوارالعلوم (جلد 12) — Page 147
۱۴۷ جلد امدادی رقوم بھجوائی جائیں پس جو لوگ اس مسئلہ سے ہمدردی رکھتے ہیں‘ انہیں جلد سے جلد اپنے علاقوں میں چندہ کر کے آل انڈیا کشمیر کمیٹی کے حساب میں مسلم بنک آف انڈیا لاہور کے پتہ پر بھجوانا چاہئے- جو لوگ بنک کو بھیجنے میں دقت محسوس کریں‘ وہ براہ راست سیکرٹری آل انڈیا کشمیر کمیٹی قادیان کے نام بھجوا دیں- مگر انسب پہلا ہی پتہ ہے- اگر سیکرٹری کے نام بھیجیں تو رسید ضرور منگوا لیں- ہندوستان اور دوسرے ممالک میں پروپیگنڈا ضرورت پروپیگنڈا بعض لوگ ہندوستان اور دوسرے ممالک میں پروپیگنڈا کو غیرضروری خیال کرتے ہیں- لیکن یہ خیال ان کا غلط ہے- ہندوستان کی حکومت بہرحال کشمیر پر نگران ہے اور اس کے اعلیٰ حکام کی رائے کو اگر اپنی تائید میں حاصل کر لیا جائے تو یقیناً اس سے بہت کچھ فائدہ ہو سکتا ہے اور ہوا ہے- اسی طرح ہندوستان کی حکومت حکومت برطانیہ کے ماتحت ہے اگر انگلستان میں زبردست پروپیگنڈا کیا جائے تو یقیناً اس کا اثر حکومت ہند پر پڑے گا اور وہ زیادہ ہوشیاری سے حکومت کشمیر کی نگرانی کرے گی اور اس طرح بہت تھوڑی قربانی سے وہ کام ہو سکے گا جو دوسری صورت میں بہت بڑی قربانی کو چاہتا ہے- پروپیگنڈا کی اہمیت کا ثبوت اس امر کا مزید ثبوت کہ یہ ایک اہم کام ہے یہ ہے کہ خود ریاست اس کی عظمت کو قبول کرتی ہے- چنانچہ باہر سے لوگوں کو بلا کر ان پر اثر ڈالنا‘ اخبارات کے نمائندوں کو خریدنے کی کوشش کرنا‘ حکومت ہند کے پاس بااثر لوگوں کو بھجوانا‘ ولایت میں پروپیگنڈا کا مقابلہ کرنے کے لئے ایجنٹ مقرر کرنا‘ یہ سب امور اس کو ظاہر کرتے ہیں کہ ریاست اس تجویز کے موثر ہونے کو قبول کرتی ہے اور اسے بے اثر بنانے کے لئے لاکھوں روپیہ خرچ کرنے کو تیار ہے- چنانچہ مجھے معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایک ہندوستانی لیڈر کے ذریعہ سے ریاست نے انگلستان میں ایک شخص کو چھ سو روپیہ ماہوار کے قریب معاوضہ دینے کا وعدہ کر کے ہمارے پروپیگنڈا کا مقابلہ کرنے کی تحریک کی ہے اور انگلستان کے دو زبردست اخبارات کو بھی اپنے ساتھ ملانے کی تجویز کی ہے-