انوارالعلوم (جلد 12) — Page 586
۵۸۶ پچاس ہزار کی ضرورت پیش آئے- اگر سرمایہ زیادہ ہو جائے تو اس کام کو اور زیادہ بڑھایا جا سکتا ہے یعنی بنیانیں اور کپڑا بننے کا کام شروع کیا جا سکتا ہے- قومی سرمایہ سے کام جاری کرنے کی ضرورت اس وقت مسلمانوں میں بیداری کے آثار پائے جاتے ہیں اور وہ ابھرنا چاہتے ہیں مگر ہندؤوں نے تجارت کا ایک ایسا حلقہ قائم کر رکھا ہے کہ مسلمان ابھر نہیں سکتے- ہماری جماعت کو خدا تعالیٰ نے موقع دیا ہے کہ ہم اپنی تنظیم کے ذریعہ ابھر سکتے ہیں اور دوسرے مسلمانوں کو سہارا دیکر کھڑا کر سکتے ہیں میری غرض یہ ہے کہ مسلمانوں کو اقتصادی طور پر جو کچلا جا رہا ہے اس کا انسداد ہو جائے‘ مسلمان محفوظ ہو جائیں اور ارتداد کے گڑھے میں نہ گریں- اس کے علاوہ کئی ادنیٰ اقوام مسلمان ہونے کیلئے تیار ہیں مگر وہ کہتی ہیں کہ کام دو ہم کام کہاں سے دیں جب تک قومی طور پر کام شروع نہ کئے جائیں- میں اس کام کی مثال ایسی سمجھتا ہوں جیسے مظہر جان جاناں کا لڈو کھانا تھا- اس کے پاس ایک دفعہ بالائی کے لڈو لائے گئے جو بہت چھوٹے چھوٹے ہوتے ہیں- ان کے ایک مخلص مرید تھے انہیں انہوں نے دو لڈو دیئے اور پھر تھوڑی دیر کے بعد پوچھا تمہیں لڈو دیئے تھے کہاں ہیں- انہوں نے کہا وہ تو میں نے اسی وقت کھا لئے تھے- کہنے لگے کیا دونوں کھا لئے- انہوں نے کہا اتنے چھوٹے چھوٹے تو تھے ذرا سی دیر میں کھا لئے ان کے کھانے میں کونسی بات تھی- انہوں نے کہا کیا تمہیں لڈو کھانا نہیں آتا- مرید نے جواب دیا مجھے تو اسی طرح کھانا آتا ہے کہ منہ میں ڈال لیا اور کھا لیا اگر کوئی اور طریق ہو تو آپ بتا دیں- انہوں نے کہا اچھا پھر کبھی لڈو آئے تو بتائیں گے- ایک دن پھر کوئی مرید لڈو لایا اس پر مظہر جان جاناں نے اس مرید کو بلا کر کہا- دیکھو- اس طرح لڈو کھانا چاہئے یہ کہہ کر انہوں نے رومال بچھایا اور اس پر دو لڈو رکھ کر کہنے لگے غور کرو اس میں کیا کیا چیزیں پڑی ہیں اور پھر ان کو کتنے آدمیوں نے تیار کیا ہے اس لئے کہ مظہر جان جاناں لڈو کھائے سبحان اللہ یہ خدا تعالیٰ کا کتنا بڑا فضل ہے- یہ کہہ کر ایک ذرا سا ٹکڑا منہ میں ڈالا اور پھر خدا تعالیٰ کے احسانات پر تقریر کرنے لگ گئے- اسی طرح کرتے رہے کہ اذان ہو گئی اور آپ نماز کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے- اس طرح انہوں نے بتایا کہ لڈو کھانا بھی عبادت ہے- اگر اسے صحیح طور پر کھایا جائے یعنی لڈو نفس کیلئے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی محبت بڑھانے کیلئے کھانا چاہئے-