انوارالعلوم (جلد 12) — Page 385
۳۸۵ اللہ تعالیٰ کے فضل کا شکریہ اور آئندہ کیلئے جماعت کو ہدایت اکتوبر اور نومبر کیلئے تھا دسمبر سے اب عام چندہ یا وصیت کی ادائیگی شروع ہو جائے گی ایسا نہ ہو کہ وہ اب آرام کرنے کی نیت کر لیں- میں لکھ چکا ہوں کہ مومن کو آرام خدا کی گود ہی میں میسر ہوتا ہے- پس انہیں چاہئے کہ آئندہ ماہواری چندہ یا وصیت کو باقاعدہ ادا کرتے رہیں تا کہ دوبارہ قرض نہ ہونا شروع ہو جائے کیونکہ چندہ خاص اسی صورت میں بند کیا جا سکتا ہے جبکہ آئندہ نیا قرض نہ ہو اور جو لوگ گذشتہ مہینوں میں چندہ خاص ادا نہیں کر سکے انہیں ابھی یاد رکھنا چاہئے کہ دسمبر سے ماہواری چندہ شروع ہو گیا ہے- پس جبکہ چندہ خاص کا کل یا جزو جس قدر ان پر ہے اس کے علاوہ دسمبر سے ماہواری چندہ بھی ان کے ذمہ شروع ہو گیا ہے اس کی ادائیگی کا بھی وہ خاص خیال رکھیں- اللہ تعالیٰ انہیں اپنی ذمہ داریوں کے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کے دل اور ظاہر میں وسعت بخشے- آخر میں سب احباب کو نصیحت کرتا ہوں کہ جلسہ سالانہ قریب آ گیا ہے اس کیلئے آنے کی بھی تیاری کریں اور اپنے دوستوں کو بھی لانے کی کوشش کریں تا ہر دفعہ ہمارا قدم آگے بڑھے ایسا نہ ہو کہ مالی قربانیوں کی وجہ سے بعض لوگ سستی کریں- مالی قربانیوں کے بدلے میں ہمیں دوسرے امور میں کفایت کرنی چاہئے دینی کاموں میں غفلت نہیں ہونی چاہئے کہ اس طرح گویا ہم ایک ہاتھ بچاتے اور دوسرے کو کاٹتے ہیں-وآخر دعوانا ان الحمد للہ رب العلمین- والسلام خاکسار مرزا محمود احمد خلیفہ المسیح الثانی ۱۰-دسمبر ۱۹۳۱ء الفضل ۱۵- دسمبر ۱۹۳۱ء ۱؎ الرحمن : ۴۷ ۲؎ مریم :۷۲