انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 258 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 258

۲۵۸ زمینداروں کی اقتصادی مشکلات کا حل ہمسایہ قرض لینے پر مجبور ہے وہ صرف اتنا جانتے ہیں کہ وہ بھی زمیندار ہے اور ہم بھی زمیندار ہیں- غرض اس طرح ملک روز بروز تباہی کے گہرے گڑھے میں گرتا جاتا ہے- میں خود اوپر لکھ چکا ہوں کہ پنجاب میں روس والی سکیم جاری نہیں کی جا سکتی لیکن ہم اس امر کا بھی انکار نہیں کر سکتے کہ ہمارا موجودہ طریق بھی ہمیں تباہی سے بچا نہیں سکتا- پس اگر ہمارا ملک تباہی سے بچنا چاہتا ہے تو ہمیں روس کی سکیم اور ہمارے موجودہ دستور العمل کے درمیان میں کوئی سکیم ایجاد کرنی پڑے گی اور اگر ہمارے ملک کے زمیندار ایسا نہیں کریں گے تو آج نہیں تو کل ان کی اولادیں بھیک مانگنے پر مجبور ہوں گی- لیکن جس آبادی کا ایک معتدبہ حصہ بھیک مانگنے کے لئے اٹھ کھڑا ہو وہاں بھیک دینے والے کہاں سے آئیں گے؟ زمینداروں کی کمپنی جنوبی امریکہ میں ان دونوں طریق کے درمیان میں ایک سکیم پر عمل کیا جاتا ہے اور وہ یہ کہ زمین تو ہر زمیندار کی سمجھی جاتی ہے لیکن سارے گاؤں کے زمیندار مل کر ایک کمپنی بنا لیتے ہیں- جس کا حصہ بجائے روپیہ کی صورت میں ادا کرنے کے زمین کی صورت میں ادا کرتے ہیں- چونکہ ایک بڑا ٹکڑا زمین کا اکٹھا مل جاتا ہے- اس کی کاشت مشترکہ کوشش کے ساتھ کی جاتی ہے اور نتائج قریباً ویسے ہی پیدا ہوتے ہیں جیسے کہ روس میں ہو رہے ہیں مگر زمیندار اپنی زمین سے بھی محروم نہیں رہتا اور ہر ایک زمیندار کو اس کے مطابق حصہ مل جاتا ہے- میں یہ جانتا ہوں کہ اس قسم کی سکیم پر پنجاب کے زمینداروں کے لئے عمل کرنا اس وقت تک مشکل ہے جب تک کہ کوئی قیامت خیز تغیر پیدا نہ ہو جائے- پس میں یہ نہیں کہتا کہ ہم کو فوراً یہ طریق اختیار کر لینا چاہئے جو کچھ میں کہتا ہوں وہ یہ ہے کہ جس طریق پر اب ہماری زمینوں کی کاشت ہو رہی ہے- اس طرح زمینداروں کا گزارہ بالکل نہیں چل سکتا اور جس قدر آدمی اس وقت زمین سے گزارہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اس قدر آدمیوں کا گزارہ پنجاب کی زمین سے نہیں ہو سکتا- پس ہمیں کوئی ایسی درمیانی راہ نکالنی چاہئے کہ جس کے ذریعہ سے زمینداروں کی حالت درست ہو سکے خواہ وہ جنوبی امریکہ والی تجویز ہو یا کوئی اور- زمیندارہ انجمن بنائی جائے میرے نزدیک بہتر صورت یہ ہو گی کہ ایک زمیندارہ انجمن مستقل اصول پر بنائی جائے جس کا کام یہ ہو کہ وہ وقتاً فوقتاً