انوارالعلوم (جلد 12) — Page 223
۲۲۳ اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ- ھوالناصر مسلمانان ریاست جموں و کشمیر کے نام میرا چھٹا خط (سلسلہ دوم) برادران! میں اپنے پچھلے خط میں لکھ چکا ہوں کہ آل انڈیا کشمیر کمیٹی آپ لوگوں کی تکالیف کے متعلق پوری کوشش کر رہی ہے اور میں نے یہ ذکر بھی کیا تھا کہ ایک وفد چار تاریخ کو جناب وائسرائے صاحب کی خدمت میں پیش ہونے والا ہے- جو آپ لوگوں کی تکالیف کے متعلق آپ سے تفصیلی گفتگو کرے گا- یہ وفد چار تاریخ کو پیش ہوا اور اس کے ممبر مندرجہ ذیل اصحاب تھے- (۱)نواب عبدالحفیظ صاحب ڈھاکہ (۲)خواجہ حسن نظامی صاحب (۳)مولانا شفیع داؤدی صاحب (۴)نواب صاحب کنجپورہ (۵)سید مسعود احمد شاہ صاحب بہار (۶)اے ایچ غزنوی صاحب بنگال (۷)سید محسن شاہ صاحب (۸)خان بہادر رحیم بخش صاحب (۹)ڈاکٹر مرزایعقوب بیگ صاحب لاہور (۱۰)سید حبیب صاحب (۱۱)ڈاکٹر شفاعت احمد صاحب یوپی (۱۲)شیخ فضل حق صاحب بھیرہ (۱۳)کپتان شیر محمد صاحب دومیلی (۱۴)چوہدری ظفراللہ خان صاحب (۱۵)مولوی عبدالرحیم صاحب درد- ڈاکٹر سر محمد اقبال صاحب کسی مجبوری کی وجہ سے وفد میں شامل نہ ہو سکے- وفد نے جو ایڈریس حضور وائسرائے کی خدمت میں پیش کیا اس کا خلاصہ حسب ذیل ہے-: