انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 179 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 179

۱۷۹ بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم ‏ مسلمانانِ کشمیر کی فوری ضروریات اگر آپ آج امداد نہیں کرتے تو کل پچھتائیں گے مسلمانان ِکشمیر کی قربانیاں اور مسلمانان ہند کی ہمدردی مسلمانان کشمیر کی بے نظیر قربانیوں اور اس کے ساتھ مسلمانان پنجاب و دیگر صوبہ جات ہند کی ویسی ہی بے نظیر ہمدردی ایک ایسا دل خوشکن نظارہ ہے کہ ہر مسلمان کے دل کو خوشی کے جذبات سے لبریز کر رہا ہے اور وہ لوگ جو صورتحالات سے آگاہ اور واقف ہیں جانتے ہیں کہ قربانی کے ان شاندار مظاہروں کے نتیجہ میں اللہتعالیٰ کے فضل سے مسلمانان کشمیر کی غلامی کی زنجیریں کٹنے والی ہیں اور مسلمانان ہند کی عظمت ان کے مخالفین کے دلوں میں قائم ہو رہی ہے- لیکن اس خوشی کے وقت میں ہمیں ایک بات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے جو یہ ہے کہ جنگ ابھی جاری ہے اور ایک تھوڑی سی غفلت اور سستی فتح کو شکست میں بدل سکتی ہے- مسئلہ کشمیر کی موجودہ حالت اور اس کا اقتضاء آل انڈیا کشمیر کمیٹی کا صدر ہونے کے لحاظ سے میں اپنا فرض سمجھتا ہوں کہ تمام مسلمانوں کو کھول کر اس وقت کی حالت بتا دوں اس وقت ریاست کی طرف سے دو کمیشن مقرر ہیں- ایک مڈلٹن کمیشن فسادات کی وجہ اور ذمہ داری دریافت کرنے کے لئے اور ایک گلینسی کمیشن مسلمانوں کی تمام شکایات اور حق تلفیوں کی تحقیقات کے لئے- ان دو کمیشنوں کے علاوہ ایک کثیر تعداد مقدمات کی جموں و کشمیر اور میرپور میں مسلمانوں کے خلاف دائر ہے- ان تینوں کاموں کے لئے اور مسلمان مظلومین کی امداد کے لئے جن میں مقتولین کی بیوائیں اور یتامی اور ماخوذین کے غریب رشتہ دار شامل ہیں اور ہندوستان اور انگلستان میں پراپیگنڈے کے لئے ایک کثیر رقم کی ضرورت ہے-