انوارالعلوم (جلد 12) — Page 277
۲۷۷ چاہیں تو اقلّ تعداد جس کا لانا ضروری ہو مقرر کی جا سکتی ہے- مباہلہ حسب ان کی تحریر کے وفات مسیح ناصری اور بانی سلسلہ احمدیہ کے دعویٰ مسیحیت کے متعلق ہوگا اور نتیجہ مباہلہ وہی ہوگا جو منطوقِ قرآنی سے ظاہر ہے- باقی داخلہ وغیرہ کی شرائط اور مباہلہ کے وقت کی دعا اور اس کا طریق اور اس کا وقت اور اس طرح دیگر ضروری تفصیلات کا مذکورہ بالا نمائندے آپس میں فیصلہ کر سکتے ہیں- امید ہے کہ سید محمد شریف صاحب کو میری اوپر کی تجاویز پر کوئی اعتراض نہ ہوگا اور وہ جلد سے جلد اپنے دو نمائندے مقرر کر کے مجھے اطلاع دیں گے- میری طرف سے مولوی فضل الدین صاحب وکیل اور مولوی غلام رسول صاحب راجیکی نمائندے ہوں گے- والسلام خاکسار میرزا محمود احمد خلیفہ المسیح الثانی قادیان ۶- جولائی ۱۹۳۱ء (الفضل ۹- جولائی ۱۹۳۱ء)