انوارالعلوم (جلد 12) — Page 276
۲۷۶ معقول سمجھتا ہوں کہ نتیجہ مباہلہ انسانی ہاتھوں سے بالا ہو- لیکن مجھے ان کی دوباتوں سے اختلاف ہے- ایک تو یہ کہ انہوں نے خود ہی تاریخ مقرر کر دی ہے اور دوسرے یہ کہ مقام مباہلہ بھی خود ہی مقرر کر دیا ہے حالانکہ ہو سکتا ہے کہ دوسرے فریق کے لئے یہ تاریخ مناسب نہ ہو اور یہ مقام کسی وجہ سے موزوں نہ خیال کیا جائے- پس ان دو باتوں کے متعلق میں چاہتا ہوں کہ وہ دو آدمی اپنی طرف سے مقرر کر دیں اور دو آدمی میری طرف سے ہو جائیں وہ چاروں مل کر تین اور مسلمہ فریقین آدمیوں کی موجودگی میں مقام مباہلہ اور تاریخ مباہلہ مقرر کریں تا کہ کسی فریق کو بلاوجہ تکلیف نہ ہو- تین آدمیوں کی موجودگی کی شرط میں نے اس لئے لگائی ہے تا کہ اگر کسی امر میں اختلاف ہو تو وہ گواہی دے سکیں- اس کے علاوہ میں یہ بات بھی کہنا چاہتا ہوں کہ قرآن کریم سے مباہلہ کے متعلق دو امور خاص طور پر نمایاں نظر آتے ہیں- ایک تو یہ کہ مباہلہ سے پہلے حجت کا پورا ہونا ضروری ہے اس لئے یہ ضروری ہوگا کہ مباہلہ سے پہلے فریقین ایک دوسرے کے سامنے اپنے دعویٰ کے دلائل بیان کریں اور دوسرے کی غلطی کو ثابت کریں تا کہ ہر فریق یہ کہہ سکے کہ اس نے حجت پوری کرنے کے بعد مباہلہ کیا ہے اور حکم قرآنی پورا ہوا رسول کریم ﷺ نے بھی حجت اس کا نام نہیں رکھا تھا کہ پندرہ سولہ سال سے قرآن کریم شائع ہو رہا ہے اور مباحثات ہو رہے ہیں بلکہ مباہلہ سے پہلے مباہلہ کے مخاطبین سے گفتگو فرمائی تھی- پس ضروری ہوگا کہ مباہلہ کرنے والے فریق مباہلہ سے چار گھنٹے پہلے مقرر کردہ مقام پر جمع ہو جائیں اور دو گھنٹہ میں تقریر کروں اور دو گھنٹہ سید محمد شریف صاحب تقریر کریں- اس کے بعد اگر فریقین مباہلہ پر مصر ہوں تو مباہلہ کریں ورنہ نہیں- یہ شرط نہیں کہ ضرور ہر فریق دو گھنٹے بولے اگر کوئی فریق اس سے کم بولنا چاہے تو ایسا کر سکتا ہے- اس سے زائد وقت کوئی فریق نہ لے- دوسری زیادتی میں یہ تجویز کرتا ہوں کہ اس مباہلہ میں صرف میں اور سید محمد شریف صاحب نہ ہوں بلکہ دونوں کے مبائعین میں سے ہزار ہزار آدمی اور شامل ہوں جن کی فہرست اور ان کے پتے ہر فریق دوسرے کو پہلے سے مہیا کر دے- اگر اس تعداد کو سید محمد شریف صاحب زیادہ سمجھیں تو اس میں کسی قدر کمی کی جا سکتی ہے- مثلاً کم سے کم پانچ سو آدمی کی شرط کی جا سکتی ہے- گو بوجہ اس کے کہ اہل حدیث کی تعداد ہم سے بہت ہی زیادہ ہے ایک ہزار آدمی کا اپنے ساتھ لانا ان کے لئے مشکل نہیں لیکن میں خواہ مخواہ روک بھی ڈالنا نہیں چاہتا اگر وہ