انوارالعلوم (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 478 of 696

انوارالعلوم (جلد 11) — Page 478

۴۷۸ دن ہندوستان کی قیمت۔۔۔۔۔۔۔انگریزوں کی نسبت ہندوستانیوں کی نظر میں زیادہ ہو گی اور اس لئے وہ کبھی بھی پسند نہیں کریں گے کہ اس کی آزادی کو خطرہ میں پڑنے دیں- میرا یہ خیال ہے کہ ہندوستان میں فوج کا سوال حل کرنے کے لئے سکین کمیٹی (SCAN COMMITTEE) کی رپورٹ سے بہتر طریق کوئی نہیں ہو سکتا- اس کمیٹی میں برطانیہ کے بہترین جرنیلوں میں سے ایک جرنیل شامل تھا- یعنی آرمی سیکرٹری شامل تھا اور ہندوستانی رائے عامہ کے بہترین نمائندے بھی شامل تھے- پس وہ رپورٹ جو ایک طرف جنرل سکین (GENERAL SCAN) جیسے آدمی کی تصدیق اپنے ساتھ رکھتی ہے اور دوسری طرف ہندوستانی رائے کی تائید رکھتی ہے نظر انداز کرنے کے قابل نہیں- اس رپورٹ میں تین باتوں کی خاص طور پر سفارش کی گئی ہے- (۱) ہندوستان میں ایک فوجی کالج سنڈھرسٹ کے نمونہ پر بنایا جائے- (۲) جب تک یہ بات حاصل نہ ہو ہندوستانیوں کو ہر سال بڑھنے والی تعداد میں سنڈھرسٹ میں داخل کیا جائے حتی کہ ۱۹۵۲ء تک فوج کے نصف عہدہ دار ہندوستانی ہو جائیں- (۳) وہ آٹھ رجمنٹس جن میں خالص ہندوستانی افسروں کو بھرتی کرنے کی کوشش ہو رہی ہے توڑ دی جائیں اور ہندوستانی افسروں کو سب قسم کے فوجی محکموں میں انگریزوں سے مل کر کام کرنے کا موقع دیا جائے- افسوس ہے کہ گورنمنٹ ہند نے اس سکیم کو رد کر دیا اور تینوں میں سے ایک تجویز کو بھی قبول نہ کیا- گو اب مجھے ایک نہایت ہی ذمہ وار اتھارٹی کے ذریعہ سے معلوم ہوا ہے کہ ہندوستان میں سنڈھرسٹ کی سکیم کے لئے گورنمنٹ آف انڈیا باوجود کمانڈر انچیف کی مخالفت کے زور دے رہی ہے مگر صرف یہی ایک سوال قابل غور نہیں اس سے تو صرف یہ فائدہ ہو گا کہ ہندوستانی افسر زیادہ جلدی تیار ہو سکیں گے اور مسلمانوں کو جو اب تک فوجی خدمات کرتے آئے ہیں اور جو بوجہ غربت انگلستان جا کر تعلیم حاصل نہیں کر سکتے تھے اعلیٰ فوجی تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل جائے گا لیکن دوسرے دونوں امور بھی نہایت اہم ہیں- جب تک کالج کھلے ہندوستانیوں کو زیادہ تعداد میں سنڈھرسٹ میں بھیجنا چاہئے اور اگر وہاں زیادہ گنجائش نہ ہو تو زائد رقم خرچ کر کے بھی گنجائش نکالی جائے گو وہ بار ہندوستان پر ڈال دیا جائے- اسی طرح ہندوستانی اور انگریز افسروں کو اکٹھا ہی کام کرنے کا موقع دینا چاہئے تاکہ وہ ایک دوسرے کے