انوارالعلوم (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 459 of 696

انوارالعلوم (جلد 11) — Page 459

۴۵۹ یونائیٹڈسٹیٹس اور آسٹریلیا کا ممبر زیادہ وسیع علاقہ کا نمائندہ ہوتا ہے اور آبادی کے لحاظ سے ہندوستان کا ممبر زیادہ لوگوں کا نمائندہ ہو گا- مگر یہ امر ظاہر ہے کہ اصل تکلیف رقبہ کے بڑا ہونے میں ہوتی ہے ورنہ نہ ہر ممبر ہر ووٹر کے پاس جاتا ہے نہ جا سکتا ہے- ضرورت اس کی ہوتی ہے کہ وہ اس علاقہ کے نمائندوں سے تعلق رکھ سکے اور یہ ظاہر ہے کہ جس قدر رقبہ چھوٹا ہو گا ممبر اس میں جلدی پھر سکے گا اور اس میں ہندوستانی ممبر یونائیٹڈسٹیٹس اور آسٹریلیا کے ممبر سے فائدہ میں رہے گا- پھر یہ بات بھی قابل غور ہے کہ کمیشن کے نزدیک موجودہ انتظام میں اس لئے تغیر کی ضرورت ہے کہ ممبر اپنے علاقہ کے لوگوں سے تعلق نہیں رکھ سکتا- لیکن سوال یہ ہے کہ اگر وہ تعلق نہیں رکھ سکتا تو اس وقت اسے ووٹ کیونکر ملتے ہیں- تب تو چاہئے تھا کہ دور کے علاقے اسے ووٹ نہ دیتے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہر امیدوار کو ہر جگہ کے ووٹ مل جاتے ہیں- اس کا جواب یہی دیا جا سکتا ہے کہ اس کی وجہ اس کا علاقہ کے سرکردہ لوگوں کی امداد حاصل کرنا ہے اور یہی صحیح جواب ہے- لیکن اس صورت میں بالواسطہ انتخاب کا مخالف کہہ سکتا ہے کہ جن لوگوں کی وہ امداد حاصل کرتا ہے بہرحال ان سے تو وہ تعلق پیدا کرتا ہے اور کر سکتا ہے- پس کیا ہزار یا دو ہزار آدمی سے جو ملک کے بااثر لوگ ہیں اور جن کے پیچھے ملک کے ووٹر چلتے ہیں تعلق رکھنے والا شخص اس سے بہتر نہیں جو صرف کونسل کے دس یا پندرہ ممبروں سے تعلق رکھتا ہے- دوسرے وہ یہ بھی کہہ سکتا ہے کہ عام طور پر نمائندہ اسی علاقہ کا رہنے والا ہوتا ہے جس کا وہ باشندہ ہوتا ہے اور ضرور ایک کافی تعداد ووٹروں کی اس کی واقف بھی ہوتی ہے اور اس سے ملنے کا اسے موقع بھی ملتا رہتا ہے لیکن کونسل کا چنا ہوا نمائندہ اگر کونسل کے ممبروں میں سے نہ ہوا تو اسے ان سے ملتے رہنے کا کون سا موقع ملے گا- امرتسر کا نمائندہ امرتسر کے ووٹروں سے تو روزانہ ملنے کا موقع پاتا رہے گا- لیکن لاہور میں بیٹھنے والی کونسل کے ممبروں سے دہلی اور شملہ میں کام کرتے ہوئے اسے ملنے کا کونسا موقع مل سکتا ہے- اسی طرح مثلاً ملتان کا ممبر سارے ضلع میں تو نہیں پھرتا رہے گا لیکن ملتان شہر کے ووٹروں سے اسے روزانہ ہی ملنے کا موقع ملے گا اور ضلع کے لوگ بھی وہاں کام کے لئے آتے رہیں گے ان سے بھی وہ ملتا رہے گا- لیکن کونسل کے جن ممبروں نے اسے منتخب کیا ہو گا ان سے ملنے کا اسے بعض دفعہ سال میں ایک دفعہ بھی موقع نہیں ملے گا اور بالکل ممکن ہے کہ اسمبلی کی ساری عمر میں ہی موقع نہ ملے- پنجاب کے ممبر کو تو