انوارالعلوم (جلد 11) — Page 458
۴۵۸ کوئی شک نہیں کہ اتنے بڑے حلقوں میں کوشش کرنا نسبتاً مشکل ہوتا ہے- لیکن سوال تو یہ ہے کہ بڑے ملک کے بڑے ہی حلقے ہو سکتے ہیں اور محض بڑے حلقوں کی وجہ سے لوگوں کو ان کے جائز حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا- کمیشن کو صرف انگلستان کے حلقوں کو نہیں دیکھنا چاہئے بلکہ دوسرے بڑے بڑے ملکوں کے انتخاب کے حلقوں کو دیکھنا چاہئے- مثلاً آسٹریلین کامن ویلتھ (AUSTRALIAN COMMON WEALTH) کا رقبہ انیس لاکھ چوہتر ہزار پانچ سو اکاسی مربع میل ہے اور آبادی چون لاکھ پینتیس ہزار ہے- اس کی مجلس میں بہتر (۷۲) ممبر ہیں اور سینٹ میں چھتیس (۳۶-) گویا اسمبلی کا ہر ممبر اوسطا ستائیس ہزار نو سو اسی میل رقبہ کی طرف سے اور پچھترہزار آدمیوں کی طرف سے اور سینٹ کا ہر ممبر پچپن ہزار مربع میل اور ڈیڑھ لاکھ آدمیوں کی طرف سے ممبر ہوتا ہے- یونائیٹڈ سٹیٹس کا ملک تیس لاکھ چھبیس ہزار نوسواناسی مربع میل ہے اور اس کی آبادی ساڑھے دس کروڑ ہے- ہاؤس آف رپریزنٹیٹوز (HOUSE OF REPRESENTATIVES)کے ممبر چار سو پینتیس ہیں اور سینٹ کے چھیانوے- گویا ہر پہلی مجلس کا ممبر قریباً سات ہزار میل مربع کی طرف سے اور ایک لاکھ چوہتر ہزار آدمیوں کی طرف سے ہوتا ہے- اور ہر سینٹر قریباً تیس ہزار میل کی طرف سے اور قریباً تیس لاکھ آدمیوں کی طرف سے نمائندہ ہوتا ہے- اس کے مقابلہ میں ہندوستان کا کل رقبہ اٹھارہ لاکھ پانچ ہزار مربع میل ہے جس میں ریاستوں اور ایجنسیوں کا رقبہ نکال کر کل رقبہ دس لاکھ اکتالیس ہزار مربع میل رہ جاتا ہے- اور ریاستوں کی آبادی منہا کر کے انگریزی علاقہ کی آبادی چوبیس کروڑ چھیاسٹھ لاکھ ہے- لیکن برما کو چونکہ ہندوستان سے علیحدہ کرنے کی تجویز ہے اس کا دو لاکھ تیس ہزار مربع میل رقبہ اور ایک کروڑ اکتیس لاکھ آبادی نکال کر ہندوستان کا رقبہ آٹھلاکھ گیارہ ہزار مربع میل رہ جائے گا اور آبادی تئیس کروڑ پینتیس لاکھ رہ جائے گی- اب اگر ہندوستان کی اسمبلی کے تین سو ممبر فرض کئے جائیں تو فی ممبر قریباً دو ہزار سات سو مربع میل رقبہ کی طرف سے اور سات لاکھ اٹھہتر ہزار تین سو تینتیس آدمیوں کی طرف سے نمائندہ ہو گا- گویا ہر ممبر یونائیٹڈ سٹیٹس کے ہر ممبر کے مقابلہ میں صرف تیسرے حصہ رقبہ کی طرف سے اور آسٹریلیا کے ہر ممبر سے دسویں حصہ رقبہ کی طرف سے نمائندہ ہو گا- لیکن آبادی کے لحاظ سے اسمبلی کا ہر ممبر یونائیٹڈسٹیٹس کے ممبر کی نسبت چار گنی تعداد کا نمائندہ اور آسٹریلین ممبر کے مقابلہ میں دس گنے زیادہ تعداد کا نمائندہ ہو گا- پس علاقہ کے لحاظ سے