انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 120 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 120

۱۲۰ پیشگوئی یہ تھی کہ جب آپ دعویٰ کریں گے تو دنیا آپ کو رد کر دے گی- تیسری پیشگوئی یہ تھی کہ دنیا کوئی معمولی مخالفت نہ کرے گی بلکہ آپ پر ہر قسم کے حملے کئے جائیں گے- چوتھی پیشگوئی یہ تھی کہ خدا کی طرف سے وہ حملے رد کئے جائیں گے اور دنیا پر عذاب نازل ہوں گے- پانچویں پیشگوئی یہ تھی کہ آپ کی صداقت آخر ظاہر ہو جائے گی- یہ کوئی معمولی باتیں نہیں جو قبل از وقت اور اس وقت جب کہ ظاہری حالات بالکل خلاف تھے، بتلائی گئی تھیں- حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی صحت شروع سے ہی اتنی کمزور تھی کہ بعض دفعہ بیماری کے حملوں کے وقت ارد گرد بیٹھنے والوں نے سمجھا کہ آپ فوت ہو گئے ہیں- مگر باوجود اس کے آپ کہتے ہیں وہ زمانہ آنے والا ہے جب ماموریت کا دعویٰ کیا جائے گا- دوسرے یہ کہ لوگ مخالفت کریں گے- یہ بات بھی ہر ایک کو نصیب نہیں ہوتی- گوجرانوالہ کے ضلع کا ایک شخص جس نے ماموریت کا دعویٰ کیا اس کے کئی خط میرے پاس آتے رہے کہ آپ اگر مجھے سچا نہیں سمجھتے تو میرے خلاف کیوں نہیں لکھتے- اور ’’الفضل‘‘ کو کیا ہو گیا ہے کہ وہ بھی کچھ نہیں لکھتا- موافق نہیں تو خلاف ہی لکھے- میں نے دل میں سوچا کہ مخالفت بھی خدا ہی کی طرف سے کرائی جاتی ہے کیونکہ یہ بھی اشاعت کا ذریعہ ہوتی ہے- ایسا ہی چکڑالویوں کے رسالہ پر کئی دفعہ اس کے ایڈیٹر کی طرف سے لکھا ہوا ملا کہ میرا جواب کیوں نہیں دیا جاتا- غرض حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے بعد پانچ سات مدعی کھڑے ہوئے مثلاً ظہیرالدین، عبداللطیف، مولوی محمد یار، عبداللہ تیماپوری، نبی بخش- یہ تو اشتہاری نبی ہیں ان کے علاوہ چھوٹے موٹے اور بھی ہیں مگر ان کی مخالفت بھی نہیں ہوئی اور ان کو یہ بات بھی میسر نہ آئی- ان مدعیوں نے کھڑے ہو کر دکھا دیا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ چونکہ مرزا صاحب کی لوگوں نے مخالفت کی اس لئے وہ سچے نہیں وہ غلطی پر ہیں- جھوٹا دعویٰ کرنے والوں کو تو مخالفت بھی نصیب نہیں ہوتی- پھر مخالفتیں زبانی حد تک بھی محدود رہتی ہیں- مگر حضرت مرزا صاحب کے متعلق خدا تعالیٰ نے تیسری پیشگوئی یہ فرمائی کہ معمولی مخالفت نہ ہوگی- بلکہ ایسی ہوگی جس کو رد کرنے کیلئے خدا تعالیٰ زور آور حملے کرے گا- یعنی ایک تو سخت حملے ہوں گے دوسرے کئی اقسام کے ہوں گے اور کئی جماعتوں کی طرف سے ہونگے- اس سے معلوم ہوا کہ دشمن بھی سخت حملے کریں گے