انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 601 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 601

۶۰۱ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے متعلق عام لوگوں کو یہ بھی معلوم نہ تھا کہ آپ بھی بڑے مرزا صاحب کے بیٹے ہیں- آپ ہر وقت مسجد میں بیٹھے رہتے اور خدا کی عبادت میں مشغول رہتے- آپ کے والد افسوس کیا کرتے کہ یہ میرا بیٹا آئندہ زندگی میں بھوکا مرے گا کیونکہ یہ تو زمیندارہ بھی نہیں کر سکے گا- مگر ان کو کیا معلوم تھا کہ یہ ایک عظیم الشان ہستی بننے والا ہے- اس زمانہ کے لوگ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مخالفت کرتے ہیں حالانکہ آپ نے بھی کوئی بات ایسی نہیں کہی جو بری ہو- اس سرینگر میں فاحشہ عورتیں موجود ہیں- مولوی اور واعظ انہیں دیکھتے ہیں مگر کوئی کچھ نہیں کہتا لیکن حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ذکر کرو تو فوراً مخالفت کرنے کے لئے تیار ہو جائیں گے- نہ صرف مخالفت بلکہ سخت افروختہ ہو جائیں گے- مانا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے عیسیٰ علیہ السلام کی وفات ثابت کی ہے اور بعض لوگوں کا عقیدہ ان کی زندگی کا ہے مگر اس قدر افروختہ ہونے کے کیا معنی- زیادہ سے زیادہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ عقیدہ کی غلطی ہے- مسلمانوں کی ذلت کا ایک بہت بڑا باعث یہ بھی ہے کہ انہوں نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زمین پر مدفون مانا اور عیسیٰ علیہ السلام کو بقید حیات آسمان پر بٹھایا- یہی عیسائی جو ہم پر حکومت کرتے ہیں مسلمان بادشاہ ہونے کے زمانہ میں ان کی منت و سماجت پر ان کے لڑکوں کو سکولوں میں داخل کیا جاتا تھا مگر آج یہ بادشاہ ہیں- اس کی وجہ کیا ہے- یہی کہ مسلمانوں نے حضرت محمد رسول اللہہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زمین میں دفن کیا خدا نے بھی انہیں ذلیل و رسوا کر دیا- حضرت عیسیٰ کو آسمان پر بٹھایا خدا نے بھی ان کی قوم کو ان پر حاکم کر دیا- انہی عقائد کی وجہ سے مسلمان عیسائیوں سے مغلوب ہو رہے ہیں اور مسلمانوں کا ایک حصہ عیسائیت کا شکار ہو چکا ہے- ایک سادہ لوح مسلمان نہایت آسانی سے ان کے جال میں پھنس جاتا ہے- وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا مقابلہ کر کے دکھاتے ہیں اس طرح پر کہ ساتھ ساتھ اقرار کرواتے چلے جاتے ہیں- وہ پوچھتے ہیں بتاؤ بھائی دونوں نبیوں میں سے زندہ کون ہے؟ مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو زندہ کہنے پر مجبور ہوتا ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو وفات یافتہ قرار دیتا ہے- اس کے بعد وہ پوچھتے ہیں کہ آسمان پر کون ہے، مردے کون زندہ کیا کرتا تھا، پرندے کون پیدا کرتا تھا- مسلمان ان سب کا جواب حضرت عیسیٰ کے متعلق اثبات میں دیتا ہے