انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 525 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 525

۵۲۵ ہو جانا ہوتا ہے اور یہ اصول رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے بھی خلاف ہے- ایک دفعہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کوئی بات کر رہے تھے کہ دوسرے شخص نے اپنی طرف متوجہ کرنا چاہا- آپ نے اس کی طرف توجہ نہ کی- اس سے اس نے سمجھا آپ ناراض ہیں- لیکن جب آپ نے کلام ختم کیا تو اسے بلایا اور فرمایا دوران کلام میں بات کرنا درست نہیں- اب میں نے وہ بات ختم کر لی ہے، تم جو بات کرنا چاہتے ہو کرو- میرا اپنا طریق یہ ہے کہ بعض دفعہ جب کوئی سوال موضوع تقریر سے گہرا تعلق رکھتا ہے تو میں اس کا جواب بیان کر دیتا ہوں- اور بعض اوقات جب سوال موضوع تقریر سے الگ ہوتا ہے، اسے چھوڑ دیتا ہوں- جلسہ کے موقع پر جب میں تقریر کر رہا تھا تو ایک سوال اگرچہ قرآن کے متعلق کیا گیا تھا مگر میرے مضمون سے تعلق نہیں رکھتا تھا- اس لئے میں نے چھوڑ دیا تھا- لیکن چونکہ ممکن ہے وہ سوال اور لوگوں کے دل میں بھی پیدا ہوتا ہو، اس لئے اب اس کے متعلق بیان کرتا ہوں- سوال یہ تھا کہ قرآن کریم میں خدا تعالیٰ فرماتا ہے- لا یمسہ الاالمطھرون ۱ ؎ کہ قرآن کو پاکیزہ اور مطہر لوگ ہی چھوئیں گے، دوسرے لوگ اس تک پہنچ نہیں سکیں گے- مگر ہم تو دیکھتے ہیں دنیا میں گندے سے گندے لوگ قرآن کریم کو ہاتھ لگا لیتے ہیں- عیسائی، ہندو، آریہ حتی کہ خدا تعالیٰ کو گالیاں دینے والے اور شرعی طہارت کا قطعی خیال نہ رکھنے والے بھی قرآن کریم کو چھوتے ہیں- عیسائیوں نے تو قرآن کریم چھپوائے بھی ہیں- پھر اس آیت کا کیا مطلب ہوا جب ہم دیکھتے ہیں کہ ہندو اور عیسائی قرآن کریم چھپواتے، اسے فروخت کرتے اور اس کی تفسیریں لکھتے ہیں- بعض نے اس کا یہ جواب دیا ہے کہ اس سے یہ مراد نہیں کہ کوئی ناپاک انسان قرآنکریم کو چھو نہیں سکتا بلکہ یہ کہا گیا ہے کہ کوئی ناپاک انسان چھوئے نہیں- یعنی یہ حکم ہے اور اس کے صرف یہ معنی ہیں کہ قرآن کریم کو باوضو ہاتھ لگایا جائے- اگر کوئی اس کی خلاف ورزی کرتا ہے تو وہ گناہ گار ہے- لیکن نہ تو اس آیت کا یہ مفہوم ہے اور نہ سیاق و سباق کے لحاظ سے یہ مفہوم درست ہے- علاوہ ازیں ہم دیکھتے ہیں اس بارے میں صحابہ میں بھی اختلاف ہے- حضرت علیؓ کہتے ہیں حائضہ عورت بھی قرآن کریم کو ہاتھ لگا سکتی ہے اور بہت سے ائمہ نے لکھا ہے حائضہ عورت پڑھ بھی سکتی ہے اور پڑھنا بھی مس ہے کیونکہ قرآن کے الفاظ