انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 144 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 144

۱۴۴ کی بارش اور بھی شان سے نازل ہو- پس آپ کے آنے کی وجہ سے خدا تعالیٰ کا یہ انعام بند نہیں ہوا- بلکہ اس میں اور بھی زیادہ ترقی ہو گئی- دوسرا جواب آپ نے یہ دیا کہ الہام صرف شریعت نہیں ہوتا بلکہ اس کی اور بھی اغراض ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ بندوں کو خدا تعالیٰ پر یقین کامل کرائے- دیکھو جس سے خدا تعالیٰ باتیں کرے، اس کے مقابلہ میں وہ شخص جو صرف یہ کہے کہ خدا ہے ایمانی لحاظ سے کیا حقیقت رکھ سکتا ہے- پس رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم گو شریعت کو مکمل کر گئے ہیں- مگر مسلمانوں کو یقین اور اطمینان قلب کے مرتبہ تک پہنچانے کیلئے پھر بھی الہام کی ضرورت باقی رہ جاتی ہے- تیسرا جواب آپ نے یہ دیا کہ خدا تعالیٰ الہام کے ذریعہ معارف پر آگاہ کرتا ہے وہ روحانی علوم جو سینکڑوں سالوں کی محنت اور کوشش سے بھی معلوم نہ ہو سکیں، خدا تعالیٰ الہام کے ذریعہ ایک سیکنڈ میں بتا دیتا ہے- پس اس تعلیم کے سہل تر رستہ کو امت محمدیہﷺ کے لئے کس طرح بند کیا جا سکتا ہے- آپ نے اپنے وجود سے ثابت کیا کہ الہام جس قدر جلد اور جس قدر مکمل طور پر معارف روحانیہ کو کھولتا ہے اس کی مثال انسانی جدوجہد میں نہیں پائی جاتی- چنانچہ جو باتیں علماء تیرہ سو سال کے قریب عرصہ میں بحثوں سے حاصل نہ کر سکے، آپ نے چند سال میں الہام کی مدد سے حل کر کے رکھ دیں- اور ان کی مدد سے احمدی علماء دنیا بھر کے مذاہب پر اسلام کو غالب کر رہے ہیں- چوتھا جواب آپ نے یہ دیا کہ الہام کی ایک غرض اظہار محبت بھی ہے جب تک خدا تعالیٰ اپنے خاص بندوں پر الہام نہ نازل کرے، اس وقت تک کس طرح ان کی تڑپ دور ہو سکتی ہے- غرض آپ نے ثابت کر دیا کہ الہام کا سلسلہ جاری ہے- کیونکہ اگر الہام کو بند مانیں تو خدا تعالیٰ کی کئی صفات میں تعطل ماننا پڑے گا- اس جگہ اعتراض کیا جا سکتا ہے کہ خدا کی صفات میں عارضی تعطل تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے بھی مانا ہے- چنانچہ آپ فرماتے ہیں کہ بعض اوقات میں خدا تعالیٰ اپنی ایک صفت کو بند کر دیتا ہے تاکہ دوسری صفت جاری ہو- اگر اس طرح ہو سکتا ہے تو یہ ماننے میں کیا حرج ہے کہ الہام کو خدا نے قیامت تک بند کر دیا؟ اس کے متعلق یاد رکھنا چاہئے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے تعطل تب مانا ہے جب دو صفات آپس میں ٹکرائیں- اور جو صفات نہ ٹکرائیں ان کے متعلق تعطل نہیں