اصحاب احمد (جلد 8)

by Other Authors

Page 43 of 185

اصحاب احمد (جلد 8) — Page 43

۴۳ جلسہ سالانه ۱۹۵۰ء جلسہ سالانہ۱۹۵۰ء کے موقع پر جب آپ نے قافلہ زائرین کو تکیہ کمال الدین کے پاس ظہر وعصر کی نمازیں پڑھا ئیں تو آپ نے کشف میں حضرت اقدس علیہ السلام کی زیارت کی۔پھر جب قادیان میں داخل ہو کر حضرت اقدس کے مزار پر قافلہ اور درویشوں سمیت آپ نے دعا کرائی تو پھر آپ نے کشف دیکھا کہ حضرت اقدس تشریف لائے ہیں اور حضور کے دست مبارک میں ایک طشت میں پلاؤ ہے اور حضور علیہ السلام نے وہ طشت آپ کو پکڑا دیا ہے۔اسی طرح اس جلسہ سالانہ میں مسجد اقصیٰ میں آپ دُعا کر رہے تھے تو پھر آپ پر کشفی حالت طاری ہو گئی اور آپ نے دیکھا کہ حضرت اقدس بھی دُعا میں شریک ہوئے ہیں۔راقم الحروف قریباً چار سال قبل ربوہ میں اخویم مکرم چوہدری محمد شریف صاحب (سابق مبشر بلا داسلامیہ ) کے ہمراہ حضرت مولانا صاحب کی خدمت میں حاضر ہوا اور اصحاب احمد کے تعلق میں شدید مالی مشکلات بیان کر کے دعا کے لئے عرض کیا۔آپ نے اسی وقت دعا فرمائی اور فرمایا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو میں نے کشف میں دیکھا ہے اور روشنی دیکھی ہے اور رَبِّنَا هَبْ لَنَا مِنْ لَّدُنْكَ رَحْمَةً وَهَيِّئْ لَنَا مِنَ أَمْرِنَا وَشَداً کی دعا القاء ہوئی ہے۔یہ پڑھا کرو۔اللہ تعالیٰ فضل کرے گا۔چنانچہ چند دنوں میں ہی اللہ تعالیٰ نے خاص طور پر فضل فرمایا اور خلاف توقع رقم ملنے سے قرض کا ایک حصہ ادا کرنے اور ایک جلد شائع کرنے کی توفیق حاصل ہو گئی اور اب تک اللہ تعالیٰ کی طرف سے اسباب پیدا ہو جاتے ہیں۔فالحمد للہ علی ذالک۔میرے دو بھائی عزیزان ملک حشمت اللہ صاحب اور ملک ذکاء اللہ صاحب امریکہ میں تھے اور بعض شدید مشکلات ان کے قیام میں حائل تھیں۔مالی تفکرات مزید برآں تھے۔والد صاحب