اصحاب احمد (جلد 3) — Page 231
۲۳۱ دیتیں۔پہن کر عورتوں میں جانے کو دل نہیں چاہتا۔مبادا وہ خیال کریں کہ دکھانے کے لئے پہن کر آئی ہیں۔صفائی اور پاکیزگی کا از حد خیال رہتا تھا۔گھر میں کوڑا کرکٹ پڑا دیکھ نہ سکتی تھیں۔ہم عموما گھر کے کام کاج کے لئے کوئی لڑکا یا لڑکی ملازم رکھتے تھے۔مگر پھر بھی جب کبھی موقعہ ملتا اپنے ہاتھ سے بھی کام کرتیں۔چھوٹا موٹا کپڑا دھولیتیں اور برتن صاف کرلیتیں۔کپڑا دھوتے اور برتن صاف کرتے ہوئے کئی دفعہ کلمہ طیبہ پڑھتیں کیونکہ وہ بجھتی تھیں کہ جب تک کلمہ طیبہ نہ پڑھا جائے چیز صاف اور پاک نہیں ہوتی۔بزرگوں کی خدمت کا خاص خیال رکھتیں۔اپنے سسرال کے رشتہ داروں کا تو بہت ہی لحاظ رکھتیں اور ان کے مقابلہ میں اپنے میکے کے رشتہ کی بھی پرواہ نہ کرتیں۔چنانچہ میری والدہ مرحومہ کی مرض الموت میں دن رات خدمت کی اور میری والدہ مرحومہ کو بھی اُن کے بغیر چین نہ آتا تھا۔میری مرض کو اپنی مرض پر حتی الوسع ترجیح دیتی تھیں۔شروع میں ہمارے غیر احمدی ہونے کی حالت میں میری بعض بے قاعدگیاں برداشت کیں۔لیکن بیعت کرنے کے بعد میرا کسی قسم کا تشدد گوارا نہ کرتی تھیں۔اور کہہ دیتی تھیں کہ اگر ایسا کرو گے تو حضرت صاحب کو لکھ دوں گی۔اس لئے مجھے دینا پڑتا تھا۔صوم وصلوٰۃ کی پابند تھیں۔بلا وجہ نماز کبھی ترک نہ کرتیں۔اور روزہ رکھنے سے اگر معذور ہوتیں تو فدیہ ضرور ادا کرتیں نماز کا ترجمہ سیکھ لیا تھا۔اور نماز ادا کرتے وقت ترجمہ کا بھی ساتھ ساتھ خیال رکھتی تھیں۔دعاؤں کی بہت عادت تھی اور تقریباً ہر نماز میں فرضوں کی آخری رکعت کے سجدہ میں لمبی لمبی دعائیں کرتی تھیں۔خود تبلیغ کا ملکہ نہ رکھتی تھیں۔مگر احمدیت کے خلاف بھی کسی کی بات سننا برداشت نہ کرتی تھیں اس لئے کسی رشتہ دار یا غیر رشتہ دار کو اُن کی موجودگی میں سلسلہ کے متعلق بدگوئی کی جرات نہ ہوتی تھی۔